696

سوال_لیلة القدر کی کیا فضیلت ہے؟ اور یہ رات کون سی رات ہوتی ہے؟

“سلسلہ سوال و جواب نمبر-120”
سوال_لیلة القدر کی کیا فضیلت ہے؟ اور یہ رات کون سی رات ہوتی ہے؟

Published Date:5-6-2018

جواب..!
الحمدللہ..!!

*لیلۃ القدر کی فضیلت*

🌷ﷲ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:
لَيْلَةُ الْقَدْرِ‌ خَيْرٌ‌ مِّنْ أَلْفِ شَهْرٍ‌ ﴿٣﴾ تَنَزَّلُ الْمَلَائِكَةُ وَالرُّ‌وحُ فِيهَا بِإِذْنِ رَ‌بِّهِم مِّن كُلِّ أَمْرٍ‌ ﴿٤﴾ سَلَامٌ هِيَ حَتَّىٰ مَطْلَعِ الْفَجْرِ‌ ﴿٥
[سورہ القدر: ۳تا۵]
ترجمہ_
قدر کی رات ہزار مہینے سے بہتر ہے۔ اس میں فرشتے اور روح اپنے رب کے حکم سے ہر امر کے متعلق اترتے ہیں۔ وہ رات فجر طلوع ہونے تک سراسر سلامتی ہے۔‘‘

🌷ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،
کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’جس شخص نے ایمان کے ساتھ خالص ﷲ تعالیٰ کی رضا کے لیے لیلۃ القدر کا قیام کیا اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔‘‘
(صحیح بخاری،حدیث نمبر-2014)

نبی مکرم ﷺرمضان کے آخری عشرہ میں بہت زیادہ عبادت کیا کرتے تھے ، اس میں نماز ، اورقرات قرآن اوردعا وغیرہ جیسے اعمال بہت ہی زیادہ بجالاتے تھے ۔
امام بخاری نے اپنی کتاب میں،
🌷 عائشۃ رضی اللہ تعالی عنہا سے بیان کیا ہے کہ
:جب رمضان کا آخری عشرہ شروع ہوتا تو نبی اکرم ﷺرات کوبیدار ہوتے اور اپنے گھر والوں کو بھی بیدار کرتے اورکمر کس لیتے تھے،
(صحیح بخاری،حدیث نمبر-2024)

🌷اور مسند احمد اور مسلم شریف میں ہے کہ
:رمضان کے آخری عشرہ میں نبی ﷺ اتنی زیادہ کوشش کیا کرتے تھے جوکسی اور ایام میں نہیں کرتے تھے ۔

*لیلۃ القدر رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے کوئی ایک رات ہے اور یہ رات تبدیل ہوتی رہتی ہے*

امام بخارى رحمہ اللہ ني اپنی صحیح میں باب باندھا “باب تَحَرِّي لَيْلَةِ الْقَدْرِ فِي الْوِتْرِ مِنَ الْعَشْرِ الأَوَاخِرِ ” یعنی لیلۃ القدر آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کرنے کا بیان،

🌷 ام المومنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ،
شب قدر کورمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں ڈھونڈو ۔
(صحیح بخاری:حدیث نمبر- 2017)

ایک روایت میں ہے کہ،
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے حجرے سے نکلے، لوگوں کو شب قدر بتانا چاہتے تھے ( وہ کون سی رات ہے ) اتنے میں دو مسلمان آپس میں لڑ پڑے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، میں تو اس لیے باہر نکلا تھا کہ تم کو شب قدر بتلاؤں اور فلاں فلاں آدمی لڑ پڑے تو وہ میرے دل سے اٹھا لی گئی اور شاید اسی میں کچھ تمہاری بہتری ہو۔
( تو اب ایسا کرو کہ ) شب قدر کو رمضان کی ستائیسویں، انتیسویں و پچیسویں رات میں ڈھونڈا کرو۔
(صحیح بخاری،حدیث نمبر-49)

🌷اور ایک روایت میں ہے،
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، شب قدر کو رمضان کے آخری عشرہ میں تلاش کرو، جب نو راتیں باقی رہ جائیں یا پانچ راتیں باقی رہ جائیں۔ ( یعنی اکیسوئیں یا تئیسوئیں یا پچیسوئیں راتوں میں شب قدر کو تلاش کرو )
(صحیح بخاری،حدیث نمبر-2021)

ان احادیث سے پتا چلا کہ شب قدر آخری
عشرے کی طاق راتوں میں سے کسی رات بھی ہو سکتی ہے،

*شب قدر کی علامات*

پہلی علامت..!
🌷رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک نشانی یہ بتائی کہ،
شب قدر کی صبح کو سورج کے بلند ہونے تک اس کی شعاع نہیں ہوتی وہ ایسے ہوتا ہے جیسے تھالی،
(سنن ابو داؤد،حدیث نمبر-1378)

دوسری علامت:
🌷رسول صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا،
تم میں سے کون شب قدر کو یاد رکھتا ہے (اس میں ) جب چاند نکلتا ہے تو ایسے ہوتا ہے جیسے بڑے تھال کا کنارہ،
(صحیح مسلم،حدیث نمبر-1170)

تیسری علامت:
🌷سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”لیلۃ القدر آسان و معتدل رات ہے جس میں نہ گرمی ہوتی ہے اور نہ ہی سردی۔ اس کی صبح کو سورج اس طرح طلوع ہوتا ہے کہ اس کی سرخی مدھم ہوتی ہے ۔
(مسند بزار: 11/486)
مسند طیالسی: 349)
( ابنِ خزیمہ:3/231)
یہ روایت حسن ہے!۔

*نوٹ
شب قدر کی رات کو کتے نا بھونکنے والی بات کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں*

🌷شب قدر کی دعا
سیدہ عائشہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا سے روایت ہے،
وہ کہتی ہیں: اے اللہ کے رسول! اگر میں شب ِ قدر کو پا لوں تو کونسی دعا کروں؟
آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا:
یہ دعا کرنا:
اَللّٰہُمَّ إِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّی۔
(اے اللہ! تو معاف کرنے والا ہے، معافی کو پسند کرتا ہے، لہٰذا مجھے معاف کر دے۔)
(سنن ابن ماجہ،حدیث نمبر-3850)

نوٹ_
اس دعا کے ساتھ مزید دعائیں بھی کریں، خاص کر مسلمانوں کی مدد اور حفاظت کے لیے، ہمارے پیارے وطن پاکستان کی حفاظت کی دعائیں کریں، اس وقت ملک دشمن عناصر بہت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ،
اللہ پاک ہم سب کا ،ہمارے ملک کا اور پوری دنیا میں مقیم مسلمانوں کا حامی و ناصر ہو، اور انکی غیبی مدد فرمائے،
آمین یا رب العالمین

(واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب )

اپنے موبائل پر خالص قرآن و حدیث میں مسائل حاصل کرنے کے لیے “ADD” لکھ کر نیچے دیئے گئے نمبر پر واٹس ایپ کر دیں،
🌷آپ اپنے سوالات نیچے دیئے گئے نمبر پر واٹس ایپ کر سکتے ہیں جنکا جواب آپ کو صرف قرآن و حدیث کی روشنی میں دیا جائیگا,
ان شاءاللہ۔۔!!
🌷سلسلہ کے باقی سوال جواب پڑھنے کے لئے ہمارا فیسبک پیج لائیک ضرور کریں۔۔.
آپ کوئی بھی سلسلہ نمبر بتا کر ہم سے طلب کر سکتے ہیں۔۔!!

الفرقان اسلامک میسج سروس
+923036501765

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں