1,157

سوال- کیا حضرت معاویہ (رض) نے اپنے بیٹے یزید کو بغیر مشورہ کے زبردستی ولی عہد مقرر کر کے خلافت کو ملوکیت میں تبدیل کر دیا تھا؟

سلسلہ سوال و جواب نمبر-201″
سوال- کیا حضرت معاویہ (رض) نے اپنے بیٹے یزید کو بغیر مشورہ کے زبردستی ولی عہد مقرر کر کے خلافت کو ملوکیت میں تبدیل کر دیا تھا؟

Published Date:1-2-2019

جواب..!
الحمدللہ:

*جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہر جمعہ کے دن ہم تاریخ اسلام کے مشہور واقعات اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر کیے جانے والے اعتراضات اور انکے جوابات پڑھتے ہیں،پچھلے سلسلہ جات نمبر*
*87٫88،92٫96٫102 131،133٫134، 139،145،151،156,166*
*میں سب سے پہلے ہم نے تاریخ کو پڑھنے اور اور جانچنے کے کچھ اصول پڑھے پھر یہ پڑھا کہ خلافت کی شروعات کیسے ہوئی؟ اور خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رض کی خلافت اور ان پر کیے جانے والے اعتراضات کا جائزہ لیا، اور یہ بھی پڑھا کہ واقعہ فدک کی حقیقت کیا تھی؟ اور یہ بھی پڑھا کہ حضرت عمر فاروق رض کو کس طرح خلیفہ ثانی مقرر کیا گیا،اور حضرت عمر فاروق رض کے دور حکومت کے کچھ اہم مسائل کے بارے پڑھا ،کہ انکے دور میں فتنے کیوں نہیں پیدا نہیں ہوئے اور ،حضرت خالد بن ولید رض کو کن وجوہات کی بنا پر سپہ سالار کے عہدہ سے ہٹا کر ابو عبیدہ رض کی کمانڈ میں دے دیا،اور خلیفہ دوئم کی شہادت کیسے ہوئی، اور پھر سلسلہ 133٫134 میں ہم نے پڑھا کہ تیسرے خلیفہ راشد کا انتخاب کیسے ہوا؟اور کیا حضرت علی رضی اللہ عنہ نے بیعت نہیں کی تھی؟اور کیا حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ اس موقع پر بے انصافی ہوئی؟ اور دور عثمانی کی باغی تحریک کیسے وجود میں آئی؟ انہوں نے کس طرح عثمان رض کو شہید کیا اور صحابہ کرام نے عثمان رض کا دفاع کیسے کیا؟اور پھر سلسلہ نمبر-139 میں ہم نے پڑھا کہ باغی تحریک نے کس طرح عثمان غنی رض پر الزامات لگائے اور انکی حقیقت بھی جانی، اور پھر سلسلہ_145 میں ہم نے پڑھا کہ عثمان غنی رض کو شہید کرنے کے بعد فوراً صحابہ نے باغیوں سے بدلہ کیوں نا لیا؟ چوتھے خلیفہ راشد کا انتخاب کیسے ہوا؟*
*کیا صحابہ کرام سے زبردستی بیعت لی گئی؟اور کیا علی رض باغیوں سے بدلہ لینے کے حق میں نہیں تھے؟اور کیا علی (رض) نے عثمان رض کے قاتلوں کو خود حکومتی عہدے دیے تھے؟ اس ساری تفصیل کے بعد سلسلہ نمبر-151 میں ہم نے جنگ جمل کے بارے پڑھا کہ وہ جنگ* *باغیوں کی منافقت اور دھوکے کہ وجہ سے ہوئی تھی، جس میں باغیوں کی کمر تو ٹوٹی مگر ساتھ میں بہت سے مسلمان بھی شہید ہوئے، اور پھر سلسلہ نمبر_156 میں ہم نے جنگ صفین کے بارے پڑھا کہ جنگ صفین کیسے ہوئی،اسکے اسباب کیا تھے، اور پھر مسلمانوں کی صلح کیسے ہوئی اور پھر سلسلہ نمبر-166 میں ہم نے جنگ صفین کے بعد واقع تحکیم یعنی مسلمانوں میں صلح کیسے ہوئی، کون سے صحابہ فیصلہ کرنے کے لیے حکم مقرر کیے گئے اور حضرت علی و معاویہ رضی اللہ عنھما کے مابین تعلقات کیسے تھے،*
*اور پھر پچھلے سلسلہ نمبر-171 میں ہم نے یہ پڑھا کہ خوارج کیسے پیدا ہوئے اور باغی جماعت میں گروپنگ کیسے ہوئی؟
خوارج کا نقطہ نظر کیا تھا؟*
*حضرت علی نے خوارج سے کیا معاملہ کیا؟خوارج سے جنگ کے نتائج کیا نکلے؟اور بالآخر مصر کی باغی پارٹی کا کیا انجام ہوا؟*
*اور سلسلہ نمبر 176 میں ہم نے پڑھا کہ حضرت علی (رض) کیسے شہید ہوئے؟ حضرت علی (رض) کی شہادت کے وقت صحابہ کرام اور باغیوں کے کیا حالت تھی؟حضرت علی( رض) کی شہادت پر صحابہ کے تاثرات کیا تھے؟حضرت علی(رض) کے دور میں فرقوں کا ارتقاء کیسے ہوا؟حضرت علی (رض) کی خلافت کس پہلو سے کامیاب رہی؟حضرت علی (رض) کے دور میں بحران کیوں نمایاں ہوئے؟ اور اسی طرح سلسلہ نمبر 181 میں ہم نے پڑھا کہ حضرت علی رض کی شہادت کے بعد خلیفہ کون بنا؟ حضرت حسن اور معاویہ رض کا اتحاد کن حالات میں ہوا؟
اس کے کیا اسباب تھے اور اس کے نتائج کیا نکلے؟اور کیا معاویہ رض نے زبردستی اقتدار پر قبضہ کیا تھا؟اور حضرت معاویہ کی کردار کشی کیوں کی گئی؟ معاویہ پر کیا الزامات عائد کیے گئے اور ان کا جواب کیا ہے؟ اور حضرت معاویہ نے قاتلین عثمان کی باغی پارٹی کے ساتھ کیا معاملہ کیا؟سلسلہ نمبر-188 میں ہم نے پڑھا کہ کس طرح باغی راویوں نے جھوٹی روایتوں سے یہ مشہور کر دیا کہ حضرت امیرمعاویہ (رض) خود بھی حضرت علی (رض) پر سب وشتم کرتے اور اپنےگورنروں سے بھی کرواتے تھے، اور سلسلہ نمبر-194 میں ہم نے استلحاق کی حقیقت جانی،اور پھر سلسلہ نمبر-197 میں ہم نے پڑھا کہ باغی راویوں نے امیر معاویہ رض پر جو الزامات لگائے انکی کیا حقیقت تھی؟ جیسے کہ کیا حضرت امیر معاویہ (رض ) کے گورنر رعایا پر ظلم کرتے تھے؟اور کیا معاویہ (رض) نے عمار (رض) کا سر کٹوایا تھا؟اور یہ بھی پڑھا کہ کیا واقعی حضرت معاویہ رض نے حسن (رض) سمیت سیاسی مخالفین کو زہر دلوایا تھا؟

*آج کہ سلسلہ میں ہم پڑھیں گے کہ کیا حضرت امیر معاویہ رض نے اپنے بیٹے یزید کو ولی عہد نامزد کر کے خلافت کو ملوکیت میں تبدیل کر دیا تھا؟*

*کیا یزید کو مشورے کے بنا زبردستی ولی عہد مقرر کیا گیا؟*

*کیا یزید بے نماز،شرابی اور ہم جنس پرست تھا*

*یزید کی نامزدگی*

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر جو آخری اور سب سے بڑا اعتراض کیا گیا ہے، وہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے یزید کو اپنا ولی عہد مقرر کے خلافت کو ملوکیت میں تبدیل کر دیا۔ ان پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے حضرت حسین، ابن عمر، ابن عباس اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم جیسے اکابر صحابہ کے لائق بیٹوں کے ہوتے ہوئے اپنے نالائق بیٹے کو خلافت کے لیے نامزد کیا۔ اس کے نتیجے میں ایک بار پھر خانہ جنگی کی آگ بھڑک اٹھی اور حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو شہید کر دیا گیا۔

حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت ایسا واقعہ ہے جس کے بارے میں ایک خاص انداز میں سوگ کو رواج دے دیا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں ایک ایسی فضا بنا دی گئی ہے کہ جو شخص بھی عقل سے تجزیہ کرنے کی کوشش کرتا ہے، اسے “دشمن اہل بیت” کا خطاب دے دیا جاتا ہے۔ ایک اور فریق ایسا موجود ہے جو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ اور یزید کے دفاع میں اس حد تک چلا جاتا ہے کہ وہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو مطعون کرنے لگ جاتا ہے۔ یہ دونوں رویے درست نہیں ہیں۔ جب تک واقعات کو جذباتی رنگ سے دیکھا جائے، ان کی حقیقت درست معلوم نہیں ہو سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم تھوڑی دیر کے لیے اپنے جذبات کو ایک طرف رکھ کر ٹھنڈے دل سے تجزیہ کریں اور اچھی طرح تجزیہ کر کے ہی کوئی رائے قائم کریں۔

*کیا سانحہ کربلا کی ذمہ داری حضرت معاویہ پر ہے؟*

اس بات میں شک نہیں ہے کہ یزید کے دور میں سانحہ کربلا ہوا اور اس کے بعد پہلے مدینہ اور پھر مکہ میں بغاوت کی آگ بھڑکی اور ان واقعات میں یزید سے فاش غلطیاں سرزد ہوئیں۔ لیکن یہ سب حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد ہوا۔ جب کوئی خلیفہ دوسرے کو نامزد کرتا ہے، تو اس وقت وہ اپنے دور کے حالات کے لحاظ سے تجزیہ کرتا ہے اور مستقبل کی صورتحال کا اندازہ کرتے ہوئے فیصلہ کرتا ہے۔ ہم اپنی زندگی میں عام طور پر دیکھتے ہیں کہ ہم پوری نیک نیتی سے کوئی فیصلہ کرتے ہیں مگر بعد کے حالات ایسے ہو جاتے ہیں کہ وہ فیصلہ غلط ثابت ہوتا ہے اور ہمیں نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ بعد کے کسی غلط واقعے کی بنیاد پر ماضی کے کسی فیصلے کے بارے میں سبق تو سیکھا جا سکتا ہے لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ وہ فیصلہ کرتے وقت نیت میں کوئی کھوٹ تھا۔

اس وجہ سے بعد کے واقعات کی بنیاد پر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو طعنہ دینا یا آپ پر تہمت لگانا جائز نہیں ہے۔

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے
56ھ/ع676 میں جب یہ نامزدگی فرمائی تو اس وقت واقعہ کربلا کو ہونے میں ابھی پانچ برس باقی تھے۔ آپ کو قطعاً یہ امید نہ تھی کہ اس نوعیت کا واقعہ پیش آ جائے گا۔

*کیا یزید کی نامزدگی کی تحریک حضرت مغیرہ بن شعبہ (رض) نے شروع کی؟*

بعض لوگوں کا خیال ہے کہ یزید کی نامزدگی کی تحریک حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ نے شروع کی اور انہوں نے خالصتاً اپنے ذاتی مفاد میں یہ کام کیا تاکہ خلیفہ ان سے خوش ہو جائیں۔ واضح رہے کہ حضرت مغیرہ بن شعبہ ان جلیل القدر صحابہ میں ہیں جو بیعت رضوان میں شامل تھے اور ان کے بارے میں اللہ تعالی نے یہ فرما دیا ہے :

📚لَقَدْ رَضِيَ اللَّهُ عَنْ الْمُؤْمِنِينَ إِذْ يُبَايِعُونَكَ تَحْتَ الشَّجَرَةِ فَعَلِمَ مَا فِي قُلُوبِهِمْ فَأَنْزَلَ السَّكِينَةَ عَلَيْهِمْ وَأَثَابَهُمْ فَتْحاً قَرِيباً.
“یقیناً اللہ ان اہل ایمان سے راضی ہو چکا ہے جنہوں نے درخت کے نیچے آپ کی بیعت کی تھی۔ وہ اس بات کو جانتا تھا کہ ان کے دلوں میں کیا ہے۔ اس نے ان کے دلوں میں سکون نازل کر دیا اور انہیں قریبی فتح (مکہ) تک پہنچا دیا۔”
(سورہ الفتح آئیت نمبر:18)

حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ چونکہ طویل عرصہ تک کوفہ کے گورنر رہے جو کہ باغی تحریک کا مرکز تھا اور آپ نے نہایت حکمت و دانش سے باغی تحریک کو بغیر کسی خون خرابہ کے پنپنے نہ دیا۔ آپ نے باغی تحریک کے خلاف کوئی فوجی کاروائی نہ کی بلکہ نہایت ہی پیار اور محبت سے باغیوں کا ذہن تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ ان کاوشوں کے خاطر خواہ نتائج نکلے اور کثیر تعداد میں باغیوں نے اپنے تحریک کو چھوڑ کر مسلمانوں کے نظم اجتماعی کو قبول کر لیا۔ یہی وجہ ہے کہ باغیوں کو حضرت مغیرہ سے خاص طو رپر بغض ہے اور ان کی کوشش یہ رہی ہے کہ آپ کو نہایت ہی گیا گزرا مفاد پرست سیاستدان ثابت کریں۔ اس بیک گراؤنڈ کو ذہن میں رکھتے ہوئے اب ہم اس روایت کا مطالعہ کرتے ہیں جن کے مطابق آپ نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے یزید کی ولی عہدی کی تجویز پیش کی۔

📚طبری بیان کرتے ہیں:

حدثني الحارث، قال: حدثا علي بن محمد، قال: حدثنا أبو إسماعيل الهمداني وعلي بن مجاهد، قالا: قال الشعبي:
اس سال (56ھ/ع676) میں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے یزید کو ولی عہد کیا اور لوگوں سے اس کے لیے بیعت لی۔ اس کا سبب یہ ہوا کہ مغیرہ رضی اللہ عنہ نے حضرت معاویہ کے پاس آ کر بڑھاپے کی شکایت کی اور (کوفہ کی گورنری سے ) استعفی دے دیا۔ حضرت معاویہ نے استعفی منظور کر لیا اور سعید بن عاص رحمہ اللہ کو اس خدمت پر مقرر کرنا چاہا۔ یہ خبر ابن خنیس کو ملی جو کہ مغیرہ کے سیکرٹری تھے، تو یہ سعید بن عاص کے پاس پہنچے اور انہیں بات بتا دی۔ سعید کے پاس ربیع یا ربیعہ خزاعی بیٹھے تھے، انہوں نے مغیرہ رضی اللہ عنہ سے کہا: “مغیرہ! میں سمجھتا ہوں کہ امیر المومنین آپ سے ناراض ہیں۔ میں نے آپ کے سیکرٹری ابن خنیس کو سعید بن عاص کے پاس دیکھا ہے اور وہ کہہ رہے تھے کہ امیر المومنین انہیں کوفہ کا گورنر مقرر کرنے والے ہیں۔”

مغیرہ نے کہا: “اسے تو یہ کہنا چاہیے تھا کہ مغیرہ پھر اپنے عہدے پر بڑی قوت سے واپس آنے والے ہیں۔ ٹھہرو! میں یزید کے پاس جاتا ہوں۔” پھر مغیرہ نے یزید کے پاس جا کر بیعت لینے کا ذکر کیا اور یزید نے اپنے والد سے یہ بات کی۔ حضرت معاویہ نے پھر مغیرہ رضی اللہ عنہما ہی کو امارت کوفہ پر واپس بھیجا اور حکم دیا کہ وہ یزید کی بیعت کی کوشش کریں
(طبری۔ 4/1-115)

طبری نے اوپر بیان کردہ اس واقعے کو اپنی کتاب کے 56ھ/ع676 کے باب میں نقل کیا ہے،یعنی انکے مطابق یہ واقعہ 56 ھجری کا ہے،

📚 یہی طبری اس سے پہلے 51ھ/ع671 کے باب میں نقل کرتے ہیں: کہ
41ھ/ع661 میں مغیرہ (بن شعبہ) کوفہ کے گورنر بنے اور 51ھ/ع671 میں انہوں نے وفات پائی،
(طبری ۔ 4ج/1-84)

اس سال 51ھ/ع671 میں حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد زیاد بن ابی سفیان کو کوفہ کا گورنر مقرر کیا جن کے گورنری سنبھالتے ہی حجر بن عدی اور ان کے ساتھیوں نے بغاوت کی اور اس کی پاداش میں قتل کیے گئے۔

اس کی تفصیل کا مطالعہ ہم پہلے کر چکے ہیں اور اس واقعے کے حقیقی ہونے میں کوئی شبہ نہیں ہے،

*اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ اگر 51ھ/ع671 میں وفات پا چکے تھے تو پھر یہ کیسے ممکن ہوا کہ 56ھ/ع676 میں آپ نے استعفی دیا اور پھر استعفی کو واپس کروانے کے لیے یزید کی ولی عہدی کی تحریک شروع کر دی؟کیا یہ سب کام آپ نے اپنی وفات کے پانچ سال بعد دنیا میں دوبارہ آ کر کیے؟*

معترضین کہہ سکتے ہیں کہ طبری نے غلطی سے اس واقعے کو 56ھ/ع676 کے باب میں نقل کر دیا ہے، دراصل یہ واقعہ آپ کی وفات سے پہلے کہیں 50-51ھ/ع670-671 میں پیش آیا ہوگا۔ جبکہ اس بات کی کوئی دلیل موجود نہیں ہے۔

*اور اس کے برعکس اس روایت میں داخلی اور خارجی تضادات موجود ہیں*

روایت کے مطابق حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ نے استعفی میڈیکل گراؤنڈز پر دیا تھا۔ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے انہیں معزول نہ کیا تھا۔ اگر حضرت معاویہ انہیں معزول کرتے، پھر تو بات سمجھ میں آتی ہے کہ دوبارہ بحالی کے لیے ایسی کوشش کی جا سکتی ہے۔ خود استعفی دے کر پھر بحالی کی کوشش ایک نامعقول بات ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ آپ کی صحت دوبارہ بہتر ہو گئی تھی، اس وجہ سے انہوں نے اپنی بحالی کی تحریک شروع کی تو یہ بات بھی نامعقول ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو آپ براہ راست حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے درخواست کر لیتے اور ان کی طویل سابقہ خدمات کی وجہ سے حضرت معاویہ بھی انہیں مقرر کر دیتے۔ اس کے لیے یزید کی نامزدگی کی تحریک پیدا کرنے کی حضرت مغیرہ کو کوئی ضرورت نہ تھی۔

*نامزدگی کی ضرورت کیا تھی؟*

ایک سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو نامزدگی کی ضرورت کیا پیش آئی؟ وہ یہ بھی کر سکتے تھے کہ معاملے کو مسلمانوں کے مشورے پر چھوڑ دیں۔ یقیناً آپ ایسا کر سکتے تھے لیکن مسئلہ یہ درپیش تھا کہ کوفہ میں باغی تحریک اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ موجود تھی۔ اگرچہ حضرت معاویہ اور زیاد رضی اللہ عنہما نے حجر بن عدی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کاروائی کی تھی، جس سے یہ تحریک وقتی طور پر دب گئی تھی، لیکن راکھ میں چنگاریاں موجود تھیں اور آپ کو یہ نظر آ رہا تھا کہ آپ کی وفات کے بعد یہ چنگاریاں دوبارہ آگ کو بھڑکا سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں کو باہمی جنگ و جدال سے بچانے کے لیے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے یہ اقدام کیا۔

یہ بات درست ہے کہ آپ کا اندازہ صحیح ثابت نہ ہوا اور یہ خانہ جنگی ہو کر رہی لیکن یہ بات بھی درست ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے امت کی خیر خواہی کے لیے یہ نامزدگی فرمائی۔

*نامزدگی کے لیے یزید ہی کا انتخاب کیوں کیا گیا؟*

اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر نامزدگی ہی کرنا تھی اور اس کا مقصد امت کو جنگ و جدال سے بچانا تھا تو پھر اس کے لیے یزید ہی کا انتخاب کیوں کیا گیا۔ اور بھی بہت سے لوگ موجود تھے جن میں جلیل القدر صحابہ بھی تھے، ان لوگوں میں سے کسی کو نامزد کیوں نہ کر دیا گیا؟

اس سوال کے جواب کے لیے ہمیں اس زمانے یعنی 56ھ/ع676 کی صورتحال کو دیکھنا پڑے گا۔ جیسا کہ سن سے ہی ظاہر ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کو اب 45 برس گزر چکے تھے۔ سب کے سب اکابر صحابہ، جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریبی ساتھی تھے، وفات پا چکے تھے۔ صرف ایک حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ زندہ تھے جو کہ نہایت ہی ضعیف العمر ہو چکے تھے۔ حضور کی وفات کے وقت جو صحابہ نوجوان تھے، وہ بھی اب ستر کے پیٹے میں تھے۔ ہاں آپ کی وفات کے موقع پر جو صحابہ بچے تھے، وہ اب پچاس ساٹھ سال کی عمر میں تھے اور ان لوگوں میں ابن عمر، ابن عباس، حسین بن علی اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم نمایاں تھے۔ اب ہم ان تمام بزرگوں کے حالات کو تفصیل سے دیکھتے ہیں۔

1۔ سب سے پہلے بزرگ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما تھے جو فاروق اعظم کے بیٹے تھے اور ان کی پرورش رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے ہوئی تھی۔ آپ کو سیاسی سرگرمیوں سے دلچسپی نہیں تھی بلکہ اس کی بجائے آپ اپنا زیادہ وقت عبادت اور تعلیم کے میدان میں گزارتے تھے۔ کئی مرتبہ آپ کو خلیفہ بنانے کی تجویز پیش ہوئی تو آپ نے اسے مسترد کر دیا تھا۔

2۔ حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما بھی پبلک ایڈمنسٹریشن کے میدان کے آدمی نہ تھے بلکہ ان کی سرگرمیوں کا میدان علمی تھا۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے دور میں آپ بصرہ کے گورنر رہ چکے تھے لیکن اب طویل عرصہ سے ایڈمنسٹریٹو معاملات سے دور تھے۔ آپ نے مکہ میں ایک بہترین تعلیمی اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ قائم کر رکھا تھا اور یہی پراجیکٹ آپ کی زندگی کا اب مشن بن چکا تھا۔ اس ادارے میں آپ نہایت ذہین و فطین طلباء کو مستقبل میں امت کی فکری قیادت کے لیے تیار کر رہے تھے۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ اسی ادارے نے وہ جلیل القدر عالم پیدا کیے جو اگلی نسل میں مسلمانوں کے چوٹی کے فکری و مذہبی راہنما بنے۔

3۔ حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما ایک نہایت جلیل القدر بزرگ اور عالم تھے۔ آپ ہجرت نبوی کے بعد پیدا ہونے والے پہلے بچے تھے اور خلفاء راشدین اور خود حضرت معاویہ رضی اللہ عنہم کے زمانے میں اہم خدمات انجام دے چکے تھے۔ آپ کا معاملہ یہ تھا کہ آپ کا اثر و رسوخ صرف مکہ اور مدینہ تک محدود تھا اور آپ کو پورے عالم اسلام میں وہ اثر و رسوخ حاصل نہ تھا جو کہ خلیفہ کے لیے ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعد میں جب آپ نے اپنی خلافت کا اعلان کیا تو عراق اور شام کے لوگوں نے آپ کے خلاف بغاوت کر دی۔

4۔ چوتھے شخص حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہما تھے جو کہ منصب خلافت کے لیے نہایت اہل تھے اور عالم اسلام میں آپ کی شخصیت کو مقبولیت حاصل تھی۔ افسوس کہ آپ کے معاملے میں عراق کے باغیوں نے ایک ایسا منصوبہ بنا رکھا تھا کہ جس کے باعث یہ شدید خطرہ لاحق تھا کہ یہ لوگ آپ کے ساتھ وہی معاملہ کریں گے جو اس سے پہلے آپ کے والد حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ کر چکے تھے۔

📚واقعہ یہ ہے کہ اس زمانے میں عراق ایک مشکل صوبہ تھا۔ یہاں ابھی کچھ عرصہ پہلے ہی باغی تحریک کے خلاف کاروائی کی گئی تھی اور اس کے زخم ابھی تازہ تھے۔ باغی زخمی سانپ کی طرح بل کھا رہے تھے اور ان کے سینے حکومت کے خلاف بغض و عناد سے بھرے ہوئے تھے۔ ان باغیوں کو حضرت علی رضی اللہ عنہ کی اولاد سے ہمدردی نہیں تھی مگر اپنے اقتدار کے لیے یہ ان حضرات کو بطور سیڑھی استعمال کرنا چاہتے تھے۔ ان کے سامنے اپنے پیشروؤں کا وہی ماڈل تھا کہ خلیفہ کو کٹھ پتلی بنا کر اس کے پردے میں اپنا اقتدار قائم کیا جائے۔ اس کے لیے ان باغیوں نے حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو نظر میں رکھا ہوا تھا اور اس سے پہلے آپ کو کئی مرتبہ ترغیب دلا چکے تھے کہ آپ بغاوت کے لیے اٹھیں تو یہ ان کا ساتھ دیں گے لیکن حضرت حسین نے انہیں خاموش کر دیا تھا۔ حجر بن عدی کی جو روایت ہم نے اوپر درج کی ہے، اسے یہاں دوبارہ تازہ کر لیجیے:

📚(صلح کے بعد) حضرت حسن بن علی رضی اللہ عنہما کی ملاقات سب سے پہلے حجر بن عدی سے ہوئی۔ اس نے حضرت حسن کو ان کے اس فعل (صلح) پر شرم دلائی اور دعوت دی کہ وہ (حضرت معاویہ سے) دوبارہ جنگ شروع کریں اور کہا: “اے رسول اللہ کے بیٹے! کاش کہ میں یہ واقعہ دیکھنے سے پہلے مرجاتا۔ آپ نے ہمیں انصاف سے نکال کر ظلم میں مبتلا کر دیا۔ ہم جس حق پر قائم تھے، ہم نے وہ چھوڑ دیا اور جس باطل سے بھاگ رہے تھے، اس میں جا گھسے۔ ہم نے خود ذلت اختیار کر لی اور اس پستی کو قبول کر لیا جو ہمارے لائق نہ تھی۔ ”

حضرت حسن کو حجر بن عدی کی یہ بات ناگوار گزری اور انہوں نے فرمایا : ’’میں دیکھتا ہوں کہ لوگ صلح کی طرف مائل ہیں اور جنگ سے نفرت کرتے ہیں۔ آپ کیوں اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ میں لوگوں پر وہ چیز مسلط کروں جسے وہ ناپسند کرتے ہیں۔ میں نے خاص طور پر اپنے شیعوں کی بقا کے لیے یہ صلح کی ہے۔ میری رائے کہ جنگوں کے اس معاملے کو مرتے دم تک ملتوی کر دیا جائے۔ یقیناً اللہ ہر روز نئی شان میں ہوتا ہے۔‘‘

اب حجر حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچا، اس کے ساتھ عبیدہ بن عمرو بھی تھا۔ یہ دونوں کہنے لگے: “ابو عبداللہ! آپ نے عزت کے بدلے ذلت خرید لی۔ زیادہ کو چھوڑ کر کم کو قبول کر لیا۔ آج ہماری بات مان لیجیے، پھر عمر بھر نہ مانیے گا۔ حسن کو ان کی صلح پر چھوڑ دیجیے اور کوفہ وغیرہ کے باشندوں میں سے اپنے شیعہ کو جمع کر لیجیے ۔ یہ معاملہ میرے اور میرے ساتھیوں کے سپر د کر دیجیے۔ ہند کے بیٹے (معاویہ) کو ہمارا علم اس وقت ہو گا جب ہم تلواروں کے ذریعے اس کے خلاف جنگ کر رہے ہوں گے۔‘‘ حضرت حسین نے جواب دیا: “ہم بیعت کر چکے اور معاہدہ کر چکے۔ اب اسے توڑنے کا کوئی راستہ نہیں۔”
(الاخبار الطوال۔ ص 233-234)

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی انٹیلی جنس کا نظام بہت مضبوط تھا اور وہ یقینی طور پر ان باغیوں کے عزائم سے باخبر تھے۔ اگر وہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو نامزد کر دیتے تو اس بات کا پورا خطرہ موجود تھا کہ یہ باغی اقتدار پر قابض ہو جائیں گے۔ اہل شام ان کی مخالفت کریں گے اور خانہ جنگی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

اس زمانے کے سیاسی حالات میں ایک اور بڑا مسئلہ یہ تھا کہ اہل شام اور بنو امیہ، حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے سوا اور کسی خاندان کی حکومت کو قبول کرنے کے لیے تیار نہ تھے۔ کسی بھی اور خاندان سے اگر خلیفہ بنتا تو اس بات کا غالب امکان موجود تھا کہ شام میں بغاوت ہو جائے گی۔ شام چونکہ قیصر روم کی سرحد پر واقع تھا، اس وجہ سے وہاں کسی بھی خانہ جنگی کا رسک نہیں لیا جا سکتا تھا کیونکہ قیصر ایسے ہی موقع کی تلاش میں تھا اور اس سے پہلے بھی بار بار حملے کر چکا تھا۔ اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ
سن 64ھ/ع684 میں یزید کی وفات کے فوراً بعد اہل شام میں اختلاف پیدا ہو گیا اور وہ ایک سال تک کسی خلیفہ پر متفق نہ ہو سکے تھے۔

📚علم عمرانیات کے بانی علامہ ابن خلدون (732-808/1332-1405) جیسے مورخ نے بھی یہی بات کہی ہے۔
لکھتے ہیں:
حضرت معاویہ نے یزید کو ولی عہد بنایا کیونکہ اگر یزید ولی عہد نہ ہوتا تو مسلمانوں میں پھوٹ پیدا ہونے کا ڈر تھا۔ کیونکہ بنو امیہ اپنے سوا کسی دوسرے کی خلافت کو تسلیم نہیں کرتے تھے۔ اگر کسی غیر کو ولی عہد بنا دیا جاتا تو وہ اسے مانتے نہیں اور اس طرح اتحاد میں خلل آتا، اگرچہ مقرر شدہ ولی عہد کے بارے میں ولی عہدی سے قبل اچھا ہی گمان ہوتا۔
(ابن خلدون(732-808/1332-1406)، مقدمہ (اردو ترجمہ: راغب رحمانی)۔ 338۔ کراچی: نفیس اکیڈمی۔)

اس مسئلے کا ایک اور پہلو بھی تھا اور وہ یہ کہ حضرات حسین، ابن عباس اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم پبلک ایڈمنسٹریشن سے کافی عرصہ سے دور تھے اور انہوں نے اپنی پوری توجہ امت کی تعلیم و تربیت اور تزکیہ نفس کی طرف وقف کر دی تھی۔ اس وجہ سے انہیں امور حکومت کا تجربہ نہ تھا۔ اس کے برعکس یزید امور حکومت کو انجام دینے میں مسلسل حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ رہا تھا اور اس نے تجربہ حاصل کر رکھا تھا۔ موجودہ دور میں بھی اصول یہی ہے کہ تجربہ کار افراد ہی کو ذمہ داری دی جاتی ہے۔

*اگر ہمیں مثلاً اپنا مکان ہی بنوانا ہوتو ہم کس سے بنوائیں گے: ایک انتہائی نیک اور افضل بزرگ سے جنہیں مکان بنوانے کا تجربہ نہ ہو،*

*یا پھر ایک ایسا انجینئر جو کہ تعمیرات کا ماہر ہو، اگرچہ وہ فضیلت اور بزرگی میں ان بزرگ کے مقام پر نہ ہو؟*

یہی وہ فیکٹرز تھے جن کی وجہ سے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے یزید کو نامزد کیا۔ ہم ایک بار پھر واضح کر دیں کہ اس وقت نہ تو سانحہ کربلا ہوا تھا اور نہ ہی بعد کی خانہ جنگیاں سامنے آئی تھیں۔

ہمارے ہاں لوگ صورتحال کا تجزیہ کرتے وقت سانحہ کربلا کی وجہ سے جذباتی ہو جاتے ہیں لیکن 56ھ/ع676 میں سانحہ کربلا کسی کے خواب و خیال میں بھی نہ آیا تھا۔ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے پورے خلوص نیت کے ساتھ اپنے زمانے کے حالات کو دیکھتے ہوئے بہترین فیصلہ کیا اور سوائے دو حضرات کے امت مسلمہ کی غالب اکثریت، جس میں صحابہ کرام بھی تھے، نے آپ کے اس فیصلے کو قبول کیا۔ بعد میں حالات بدل گئے اور یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوا لیکن اس معاملے میں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر طعنہ زنی ایک نہایت ہی غلط حرکت ہے۔

*واضح رہے کہ اس تفصیل کے بیان کا مقصد یہ ہرگز نہیں ہے کہ ہم یزید کے غلط اقدامات کی حمایت کرنا چاہتے ہیں*

یزید نے اپنے دور میں جو کچھ کیا، اس کا وہ ذمہ دار ہے۔ یہاں ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے شوری کے اصول کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی بلکہ امت کے اتفاق و اتحاد کے لیے یہ اقدام کیا اور اس اقدام کی امت کی غالب اکثریت نے تائید کی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ جن حضرات نے اختلاف رائے کیا، انہوں نے بھی حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی نیت پر کسی شک کا اظہار نہیں کیا بلکہ محض اپنا اختلاف بیان کیا۔

چودہ سو سال بعد اب اگر کوئی شخص یہ سمجھتا ہے کہ وہ حضرت معاویہ اور ان تمام بزرگوں کے دل میں جھانک کر دیکھ سکتا ہے اور آپ کی نیت سے آگاہ ہو سکتا ہے، تو پھر یہ اس کی مرضی ہے کہ وہ جو چاہے رائے قائم کرے لیکن اسے یاد رکھنا چاہیے کہ اپنی اس رائے کے لیے اسے روز قیامت اللہ تعالی کے ہاں جواب دہ ہونا پڑے گا۔

*حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے یزید کی نامزدگی کے بعد جمعہ کے خطبے میں منبر پر جو دعا کی، اس سے ان کے خلوص کا اندازہ ہوتا ہے:*

📚اے اللہ! اگر آپ کے علم میں ہے کہ میں نے اسے (یزید) کو اس لیے نامزد کیا ہے کہ وہ میری رائے میں اس کا اہل ہے تو اس ولایت کو اس کے لیے پورا فرما دیجیے۔ اور اگر میں نے اس لیے اس کو محض اس لیے ولی عہد بنایا ہے کہ مجھے اس سے محبت ہے تو اس ولایت کو پورا نہ فرمایے۔
(ابن کثیر۔ 11/308)

📚اے اللہ! اگر میں نے یزید کو اس کی اہلیت دیکھ کر ولی عہد بنایا ہے تو اسے اس مقام تک پہنچا دیجیے جس کی میں نے اس کے لیے امید کی ہے اور اس کی مدد فرما۔ اگر مجھے اس کام پر صرف اس کی محبت نے آمادہ کیا ہے جو باپ کو بیٹے سے ہوتی ہے تو اس کے مقام خلافت تک پہنچنے سے پہلے ہی اس کی روح قبض فرما لیجیے۔
(جلال الدین سیوطی۔ تاریخ الخلفاء۔ 164۔ باب یزید بن معاویہ۔ بیروت: دار ابن حزم)

غور کرنے کا مقام یہ ہے کہ جس باپ کے دل میں چور ہو، کیا وہ عین نماز جمعہ میں اپنے بیٹے کے لیے یہ دعا کر سکتا ہے؟

*کیا یزید کے انتخاب کے لیے مشورہ کیا گیا؟*

باغی راویوں نے یزید کی نامزدگی کی تصویر کچھ یوں پیش کی ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے ذہن میں یزید کو نامزد کرنے کا خیال آیا اور انہوں نے آمرانہ انداز میں اسے نافذ کر دیا حالانکہ حقیقت اس سے بالکل مختلف تھی۔ عربوں کے ہاں دور جاہلیت میں بھی اس طرح کی آمریت کا کوئی تصور موجود نہ تھا۔ ان کے ہاں قبائلی سرداروں کا انتخاب بھی باہمی مشورے سے ہوتا تھا۔ اسلام نے اس معاملے کو مزید مؤکد کیا اور قرآن مجید میں یہ حکم دیا کہ مسلمانوں کے اجتماعی امور باہمی مشورے سے چلائے جائیں۔

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے پہلے صورتحال یہ تھی کہ تمام عرب قبائل نے متفقہ طور پر قریش کو خلافت کی ذمہ داری سونپ دی تھی۔ قریش میں ان مہاجرین و انصار کو الیکٹورل کالج کی حیثیت حاصل تھی جو غزوہ بدر سے پہلے مسلمان ہو چکے تھے۔ یہی حضرات باہمی مشورے سے خلیفہ کا انتخاب کیا کرتے تھے۔ ان صحابہ کو یہ خاص حیثیت دینے کی وجہ یہ تھی کہ یہ اس وقت اسلام میں داخل ہوئے تھے جب مسلمانوں کو عرب میں کوئی خاص سیاسی مقام حاصل نہ تھا اور یہ مشرکین کے ظلم و ستم کا نشانہ بن رہے تھے۔ اس وجہ سے ان حضرات کے خلوص نیت میں کوئی شک نہیں کیا جا سکتا ہے۔ کوئی شخص بھی ایسے نظریے کے لیے عذاب نہیں جھیل سکتا ہے جس پر وہ یقین نہ رکھتا ہو۔ ان حضرات کو قرآن مجید میں “السابقون الاولون” کا نام دیا گیا ہے۔

حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا انتخاب بھی انہی مہاجرین و انصار نے متفقہ طور پر کیا۔ انہی کے مشورے سے حضرت ابوبکر نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہما کو خلیفہ نامزد کیا۔ پھر یہی السابقون الاولون اس بات پر متفق ہوئے کہ چھ افراد میں سے ایک کو خلیفہ بنایا جائے اور ان حضرات نے اپنے اندر سے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو خلیفہ مقرر کیا۔ اس کے بعد انہی السابقون الاولون نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو خلیفہ منتخب کیا اور آپ کے بعد حضرت حسن رضی اللہ عنہ کی بیعت کی۔ اس کے بعد انہی مسلمانوں نے باہمی اتفاق رائے سے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو خلیفہ بنایا۔ اس طرح سے خلیفہ کے انتخاب کے لیے اگرچہ مختلف طریقے اختیار کیے گئے لیکن بنیادی اصول یہی رہا کہ مسلمانوں کی مرضی کے خلاف ان پر کسی کو مسلط نہ کیا جائے۔

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے آخری زمانے میں 56ھ/ع676 تک کیفیت یہ ہو چکی تھی کہ السابقون الاولون کی بڑی تعداد وفات پا چکی تھی۔ ظاہر ہے کہ جنگ بدر 2ھ/ع624 میں ہوئی تھی اور اب اسے گزرے 54 برس ہو چکے تھے۔ اس وقت حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے یہ ضرورت محسوس کی کہ بدلے ہوئے حالات میں اب مناسب یہ رہے گا کہ مشورے کے اس عمل کو بڑے پیمانے پر کیا جائے۔ اس میں یہ وجہ بھی رہی ہو گی کہ اب معاملہ چونکہ آپ کے اپنے بیٹے کا تھا، اس وجہ سے آپ محض چند لوگوں کی رائے پر یہ فیصلہ نہ کرنا چاہتے تھے۔

📚معروف شیعہ مورخ مسعودی کے بیان کے مطابق حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ایک بڑا جرگہ منعقد کیا، جس میں پوری امت کے نمائندے شریک ہوئے۔ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے اپنی تجویز پیش کی اور سب لوگوں کو آزادانہ رائے دینے کا حق دیا۔ اس اجتماع میں اہل عراق بھی آئے اور ان میں سے بعض لوگوں نے حضرت معاویہ کی تجویز کی مخالفت بھی کی تاہم غالب اکثریت نے یزید کے انتخاب کے حق میں فیصلہ دے دیا،
(علی بن حسین بن علی المسعودی 346/958) مروج الذہب و معادن الجوہر۔ 2/27۔ بیروت: الشرکۃ العالمیہ للکتاب)

📚حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے امت کو افتراق و انتشار سے بچانے کے لیے مدینہ اور مکہ کا سفر کیا۔ اس سفر میں آپ نے اہل مدینہ اور پھر اہل مکہ سے بھرپور مشورہ لیا اور ان کی رائے معلوم کی۔ سوائے چند ایک حضرات کے پوری امت نے ان کی رائے سے اتفاق کیا اورپھر آپ نے مکہ مکرمہ میں یزید کی نامزدگی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد پورے عالم اسلام سے وفود آئے اور انہوں نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے اس فیصلے کی تائید کی۔
اس پورے عمل میں صرف چار حضرات نے اختلاف رائے کیا اور وہ حضرت حسین، ابن عباس، ابن عمر اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم نمایاں تھے۔ ان میں سے بھی دو حضرات ابن عمر اور ابن عباس رضی اللہ عنہم نے یزید کی بیعت کر لی تھی اور آخر تک اس پر قائم رہے تھے۔ حضرت حسین رضی اللہ عنہ بھی بعد میں بیعت کے لیے تیار ہو گئے تھے۔ صرف ایک ابن زبیر رضی اللہ عنہما نے بیعت نہیں کی۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ سوائے چند ایک افراد کے، اس دور کی پارلیمنٹ کی غالب ترین اکثریت نے یزید کے حق میں فیصلہ دے دیا تھا جن میں حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ (d. 58/678) جیسے جلیل القدر بزرگ شامل تھے جو کہ عشرہ مبشرہ میں سے آخری شخص تھے۔

( ابن عبد البر۔ الاستیعاب۔ 1/367۔ صحابی نمبر 962۔)

📚اس واقعے کو امام بخاری نے اپنی صحیح میں خود حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے اس طرح روایت کیا ہے:

ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں : میں (اپنی بہن ام المومنین سیدہ) حفصہ کے گھر گیا تو ان کے سر سے پانی ٹپک رہا تھا۔ میں نے کہا: “کیا آپ ان لوگوں کی باتیں دیکھ رہی ہیں کہ (مشورے کے) اس معاملے میں میری کوئی حیثیت نہیں سمجھی گئی۔” انہوں نے فرمایا: “آپ وہاں (مسجد میں) جا کر بیٹھیں ۔ یہ لوگ آپ کے انتظار ہی میں ہیں۔ مجھے خطرہ ہے کہ آپ کے رک جانے سے کہیں کوئی اختلاف نہ پیدا ہو جائے۔” وہ انہیں اس وقت تک بار بار کہتی رہیں جب تک وہ چلے نہ گئے۔
(مشورے کے بعد) جب عام لوگ چلے گئے تو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ایک خطبہ دیا اور فرمایا: “اب کوئی صاحب اس معاملے میں بولنا چاہیں تو سر اٹھا کر بات کریں۔ (عام لوگوں کی رائے سے ظاہر ہو گیا ہے کہ) ہم ان سے اور ان کے والد دونوں سے اس امر (خلافت) کے زیادہ حق دار ہیں۔” حبیب بن مسلمہ نے (ابن عمر سے) پوچھا: “پھر آپ نے ان کی اس بات کا جواب بھی دیا؟” انہوں نے کہا: “میں چاہتا تھا کہ انہیں جواب میں کہوں کہ اس معاملے میں میں آپ اور آپ کے والد سے زیادہ مستحق ہوں جو اسلام کی خاطر آپ لوگوں سے جنگ کر چکا ہے۔ لیکن میں اس وجہ سے رک گیا کہ کہیں اجتماعیت میں اختلاف نہ پڑ جائے اور خانہ جنگی نہ ہو جائے۔ میں جنت کے ثواب پر قناعت کر گیا۔” حبیب نے کہا: “آپ نے خود کو فساد سے بچا لیا۔”
(صحیح بخاری، کتاب المغازی، حدیث4108)

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے بارے میں یہ بات معلوم و معروف ہے کہ آپ نے کبھی خلافت کی تمنا نہ کی تھی۔ مذکورہ بالا روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ اس موقع پر آپ کے دل میں کچھ تردد پیدا ہوا تھا لیکن آپ نے امت مسلمہ کی مصلحت کی خاطر اپنی خواہش کو دبا دیا۔ اس سے آپ کے کردار کی عظمت کا علم ہوتا ہے۔ آپ کے دل میں جو یہ خیال پیدا ہوا کہ ” میں آپ اور آپ کے والد سے زیادہ مستحق ہوں جو اسلام کی خاطر آپ لوگوں سے جنگ کر چکا ہے” تو یہ محض جذبات میں سوچی گئی ایک بات ہی تھی۔ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ تو کبھی مسلمانوں کے خلاف کفار کی جانب سے کسی ایک بھی جنگ میں شریک نہ ہوئے تھے البتہ ان کے والد ابوسفیان رضی اللہ عنہ ضرور شریک ہوئے تھے لیکن انہیں خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے معاف کر دیا تھا۔

*کیا یزید کی بیعت کے لیے ناجائز ہتھکنڈے اختیار کیے گئے؟*

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے بغض رکھنے والے مورخین کو بھی اس حقیقت سے انکار نہیں ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے یزید کی نامزدگی کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر مشورے کا اہتمام کیا لیکن انہوں نے اس مشورے کی اہمیت کو کم کرنے کے لیے ایسی روایات وضع کی ہیں جن سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں کو آمادہ کرنے کے لیے انہیں لالچ دیا گیا تھا اور بعض حضرات بالخصوص حضرات ابن زبیر اور حسین رضی اللہ عنہم پر جبر کیا گیا تھا۔ مناسب ہو گا کہ ہم ان میں سے ایک ایک روایت کو لے کر اس کا تجزیہ کریں اور یہ دیکھیں کہ ان کی سند میں کون کون سے لوگ موجود ہیں۔

*تاریخ اسلام کے پہلے دو ،تین سلسلوں میں روایات کے تجزیہ کے جو اصول بیان ہوئے ہیں، مناسب رہے گا کہ ان کے خلاصے پر آپ دوبارہ ایک نظر ڈال لیجیے۔ تا کہ روایات کا تبصرہ آپکی سمجھ میں آ سکے!!!*

طبری نے اس سلسلے میں دو روایتیں بیان کی ہیں:

📚1۔ فحدثني يعقوب بن إبراهيم، قال: حدثنا إسماعيل بن إبراهيم، قال: حدثنا ابن عون، قال: حدثني رجل بنخلة:
حضرت معاویہ مدینہ آئے اور آ کر حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہم کو بلا بھیجا اور ان سے فرمایا: “میرے بھائی کے بیٹے! قریش میں سے پانچ افراد کے علاوہ سب لوگ بیعت پر آمادہ ہیں اور آپ ان پانچ میں مرکزی شخص آپ ہیں۔ اس اختلاف رائے کا سبب کیا ہے؟ حسین نے فرمایا: “کیا میں ان میں سے مرکزی شخص ہوں۔” معاویہ نے فرمایا: “جی ہاں! آپ ان کے قائد ہیں۔” حسین نے فرمایا: “ان لوگوں کو بلا لیجیے۔ اگر وہ بیعت کر لیں گے تو میں بھی ان کے ساتھ ہوں ورنہ میرے معاملے میں جلدی نہ کیجیے۔” معاویہ نے پوچھا: “کیا آپ ایسا کرنے کو تیار ہیں؟” انہوں نے کہا: “جی ہاں۔” یہ سن کر حضرت معاویہ نے ان سے وعدہ لیا کہ کسی سے ان باتوں کا ذکر نہ کریں۔ حسین بن علی رضی اللہ عنہما نے پہلے تو انکار کیا لیکن پھر قبول کر لیا اور باہر نکل آئے۔

ابن زبیر رضی اللہ عنہما نے ایک شخص کو حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہما کے انتظار میں بٹھا رکھا تھا۔ اس نے پوچھنا شروع کیا کہ آپ کے بھائی ابن زبیر پوچھ رہے ہیں کہ کیا معاملہ ہے۔ (آپ نے حسب وعدہ بات نہ کی لیکن) آخر وہ کچھ مطلب سمجھ گیا۔ اب حضرت معاویہ نے ابن زبیر رضی اللہ عنہما کو بلا بھیجا اور ان سے فرمایا: “پانچ افراد کےعلاوہ جن میں آپ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، سب لوگ اس معاملے میں آمادہ ہیں۔ اختلاف رائے کا سبب کیا ہے؟” ابن زبیر نے فرمایا: “کیا میں ان میں سے مرکزی شخص ہوں؟” معاویہ نے فرمایا: “جی ہاں! آپ ان کے قائد ہیں۔” ابن زبیر نے فرمایا: “ان لوگوں کو بلا لیجیے۔ اگر وہ بیعت کر لیں گے تو میں بھی ان کے ساتھ ہوں ورنہ میرے معاملے میں جلدی نہ کیجیے۔” معاویہ نے پوچھا: “کیا آپ ایسا کرنے کو تیار ہیں؟” انہوں نے کہا: “جی ہاں۔” یہ سن کر حضرت معاویہ نے ان سے وعدہ لیا کہ کسی سے ان باتوں کا ذکر نہ کریں۔ ابن زبیر نے کہا: “امیر المومنین! ہم لوگ اللہ عزوجل کے حرم میں ہیں اور اللہ سبحانہ وتعالی کے نام پر وعدہ کرنا بڑا معاملہ ہے۔ انہوں نے وعدہ کرنے سے انکار کیا اور باہر چلے گئے۔

اب حضرت معاویہ نے ابن عمر رضی اللہ عنہم کو بلا بھیجا اور ان کے ساتھ نرمی سے بات کی اور فرمایا: “میں نہیں چاہتا کہ امت محمدیہ کو اپنے بعد ایسے چھوڑ جاؤں کہ جیسے بغیر چرواہے کے بھیڑوں کا گلہ۔ قریش میں پانچ افراد کے سوا، جن میں آپ نمایاں ہیں، سب لوگ اس امر (یزید کی بیعت) پر آمادہ ہیں۔ اختلاف رائے کا سبب کیا ہے؟” ابن عمر نے فرمایا: “میں ایسی بات کیوں نہ کروں جس میں نہ تو کوئی برائی ہے او رنہ خونریزی اور آپ کا کام بھی ہو جائے گا۔” حضرت معاویہ نے فرمایا: “میں یہی چاہتا ہوں۔” انہوں نے کہا: “آپ اپنی کرسی باہر نکال کر بیٹھیے۔ میں یہ کہہ کر آپ سے بیعت کر لوں گا کہ آپ کے بعد جس بات پر مسلمان متفق ہوں گے ، میں بھی اسی اتفاق میں داخل ہو جاؤں گا۔ واللہ! آپ کے بعد اگر کسی حبشی غلام پر بھی قوم متفق ہو تو میں بھی اس اتفاق رائے میں داخل ہوں گا۔” انہوں نے پوچھا: “کیا آپ ایسا ہی کریں گے؟” جواب دیا: “جی ہاں۔” ابن عمر یہ کہہ کر باہر نکل آئے اور گھر پر آ کر دروازہ بند کر کے بیٹھ گئے۔ لوگ ملنے آئے تو انہیں اجازت نہ دی۔

اب حضرت معاویہ نے عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہم کو بلوایا اور پوچھا: “ابوبکر کے بیٹے! کس ہاتھ اور کس پاؤں سے آپ مجھ سے اختلاف کر رہے ہیں؟” انہوں نے کہا: “میں سمجھتا ہوں کہ میرے حق میں یہی بہتر ہے۔
” فرمایا: “میں ارادہ کر چکا ہوں کہ آپ کو قتل کروں گا۔” فرمایا: “آپ ایسا کریں گے تو اللہ دنیا میں بھی آپ پر لعنت بھیجے گا اور آخرت میں بھی آپ کو جہنم میں ڈالے گا۔”
طبری کہتے ہیں کہ اس روایت میں ابن عباس رضی اللہ عنہما کا ذکر نہیں ہے۔
( طبری۔ 4 /1 116- 118)

*اس روایت کی سند میں غور کیجیے تو اس کا ترجمہ کچھ یوں ہے: یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے روایت بیان کی، ان سے اسماعیل بن ابراہیم نے، ان سے ابن عون نے اور ان سے “نخلہ” کے مقام پر ایک شخص نے۔ اب یہ نخلہ کا ایک شخص کون تھا ، ہم نہیں جانتے۔ کیا وہ باغی پارٹی کا رکن تھا جسے حضر ت معاویہ رضی اللہ عنہ سے خاص بغض تھا یا کوئی بڑا ہی دیانتدار مومن تھا؟ ہم نہیں جانتے۔*

*روایت کو وضع کرنے والے نے ایک بڑی فاش غلطی کی ہے جس کا اسے خود اندازہ نہیں ہے۔ اس نے اس روایت میں حضرت معاویہ اور عبدالرحمن ابن ابی بکر رضی اللہ عنہم کا مکالمہ بھی نقل کر دیا ہے جو کہ 56ھ/ع676 میں ہو رہا ہے حالانکہ حضرت عبدالرحمن اس واقعے سے تین برس پہلے 53ھ/ع673 میں وفات پا چکے تھے۔*

📚ابن عبدالبر لکھتے ہیں کہ عبدالرحمن بن ابی بکر کی وفات 53ھ/ع673 میں ہوئی اور ایک قول یہ ہے کہ 55ھ/ع675 میں ہوئی تاہم اکثریت پہلی رائے پر متفق ہے۔
( ابن عبدالبر۔ الاستیعاب۔ 1/497۔ صحابی نمبر 1393)

*اس سلسلے کی دوسری روایت یہ ہے:*

📚ذكر هشام بن محمد، عن أبي مخنف، قال: حدثني عبد الملك بن نوفل بن مساحق بن عبد الله بن مخرمة:
پھر سن 60ھ/ع680 شروع ہوا۔ ۔۔ اس سال عبیداللہ بن زیاد چند سفیروں کو ساتھ لیے حضرت معاویہ کے پاس آیا اور حضرت معاویہ نے ان لوگوں سے اپنے بیٹے یزید کے لیے بیعت لی۔ اسی سال انہیں مرض الموت لاحق ہوا تو یزید کو بلا بھیجا اور فرمایا: “بیٹا! میں نے تمہیں زحمت اور مشقت سے بچا لیا ہے اور تمہارے لیے ہر معاملے کو آسان کر دیا ہے۔ تمہارے لیے عرب کی گردنوں کو میں نے جھکا دیا ہے اور تمہارے لیے جو کچھ جمع کیا ہے، وہ کسی نے نہ کیا ہو گا۔ مجھے اس بات کا اندیشہ نہیں ہے کہ امر خلافت جو تمہارے لیے مستحکم ہو چکا ہے، قریش میں سے چار افراد کے سوا کوئی اور تم سے اس بارے میں اختلاف کرے گا: حسین بن علی، عبداللہ بن عمرو، عبداللہ بن زبیر اور عبدالرحمن بن ابی بکر۔

1۔ ان میں سے عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کا تو عبادت نے ستیا ناس کر دیا ہے۔ جب وہ دیکھیں گے کہ ان کے سوا اور کوئی باقی نہیں رہا تو وہ بھی تمہاری بیعت کر لیں گے۔

2۔ حسین بن علی رضی اللہ عنہما کو عراق کے لوگ جب تک بغاوت پر آمادہ نہ کر لیں، نہیں چھوڑیں گے۔ اگر وہ تمہارے خلاف بغاوت کریں اور تم ان پر قابو پا لو، تو ان سے درگزر کرنا۔ انہیں (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ہماری) قریبی رشتہ داری حاصل ہے اور وہ بڑا حق رکھتے ہیں۔

3۔ ابوبکر رضی اللہ عنہ کے بیٹے وہ ہیں جو اپنے ساتھیوں کو جو کام کرتا دیکھیں، ویسا ہی خود کرتے ہیں۔ انہیں خواتین اور کھیل تماشوں کے سوا کسی چیز سے دلچسپی نہیں ہے۔

4۔ جو شخص شیر کی طرح تمہاری گھات میں بیٹھے گا اور لومڑی کی طرح تمہیں دھوکہ دے گا اور جب موقع ملے حملہ کرے گا، وہ ابن زبیر رضی اللہ عنہما۔ اگر ایسی حرکتیں وہ تمہارے ساتھ کریں اور تم ان پر قابو پا لو تو ان کے ٹکڑے کر دینا۔
(طبری۔ 4/1-129)

اس روایت کی سند دیکھیے تو اس میں وہی ہشام کلبی اور ابو مخنف موجود ہیں جو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ اور دیگر صحابہ کے متعلق دل میں ایسا بغض رکھتے ہیں کہ جس کی مثالیں اس پورے تاریخی سلسلے میں جگہ جگہ بکھری ہوئی ہیں۔ حضرات ابوبکر، عمر اور زبیر رضی اللہ عنہم کے بیٹوں کے لیے الفاظ کا جو انتخاب کیا گیا ہے، وہ راویوں کی ان سے نفرت کو ظاہر کر رہا ہے جسے انہوں نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی زبان سے کہلوانے کی کوشش کی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ہشام کلبی اور ابو مخنف بھی حضرت حسین کے لیے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہما کی محبت کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما کے بارے میں ہم اوپر بیان کر چکے ہیں کہ وہ اس بیعت کے واقعے سے تین برس پہلے ہی وفات پا چکے تھے۔

📚ابن اثیر (555-630ھ/ع1160-1233) نے “الکامل” میں ایک جھوٹا قصہ نقل کیا ہے جس کے مطابق حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے جب یزید کی خلافت کا اعلان کیا تو ان چاروں حضرات کے پیچھے ایک ایک تلوار بردار کو کھڑا کر دیا تھا اور اسے حکم تھا کہ اگر یہ حضرات چون و چرا کریں تو ان کی گردن اڑا دی جائے۔
( ابن اثیر ۔ الکامل فی التاریخ ۔ 3/354۔ بیروت: دار الکتب العلمیہ) www.waqfeya.com (16 Jan 2012)

انہوں نے اس بے سر و پا قصے کی کوئی سند بیان نہیں کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ قصہ من گھڑت ہے۔ دوسری طرف اس قصے میں صرف حضرت معاویہ ہی کی نہیں بلکہ حضرات حسین، ابن عمر اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم کی کردار کشی بھی ہے کہ یہ حضرات نعوذ باللہ اتنی ہمت نہ کر سکے کہ اپنی جان کا خطرہ مول لے کر امت کو غاصبوں سے بچا سکیں۔

📚اسی طرح ابن اثیر نے چند اور جھوٹے قصے نقل کیے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے معاذ اللہ لوگوں کو رشوت دے کر یزید کی بیعت پر تیار کیا تھا۔
( ابن اثیر ۔ الکامل فی التاریخ ۔ 3/350۔ بیروت: دار الکتب العلمیہ۔) www.waqfeya.com (16 Jan 2012)

انہوں نے رشوت کی جو رقم بیان کی ہے، وہ بھی مضحکہ خیز ہے۔ کسی کو تیس ہزار درہم، کسی کو چار سو دینار، عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو ایک لاکھ درہم اور اسی نوعیت کی دیگر رقموں کا انہوں نے ذکر کیا ہے۔ ان قصوں کی بھی کوئی سند بھی ابن اثیر بیان نہیں کی جس سے ظاہر ہو کہ انہوں نے یہ بات کس سے سن کر اپنی کتاب میں لکھی ہے۔ ابن اثیر نے اپنی کتاب کے مقدمہ میں بیان کیا ہے انہوں نے تاریخ طبری کو اپنی کتاب کی بنیاد بنایا ہے لیکن خود طبری نے ان قصوں کو درج نہیں کیا ہے۔

*ابن اثیر کا زمانہ ان تمام واقعات کے چھ سو سال بعد کا ہے۔*

ان سے پہلے کے مورخین ان واقعات کا کہیں ذکر نہیں کرتے ہیں اور وہ نجانے کہاں سے یہ واقعات اپنی کتاب میں درج کر دیتے ہیں۔ اگر ان واقعات کو صحیح مان لیا جائے تو پھر یہ بھی ماننا پڑے گا کہ نہ تو اس دور کے اہل سیاست ، ہمارے دور کے سیاستدانوں سے کچھ مختلف تھے اور نہ ہی اس دور کے عام لوگ ، جن میں صحابہ و تابعین شامل تھے، کردار کے اعتبار سے ہمارے ووٹروں سے کچھ بڑھ کر تھے کہ جنہیں محض دس دس ہزار درہم (جو اس دور میں کوئی خاص وقت نہ رکھتے تھے) رشوت دے کر خریدا جا سکتا تھا۔ اس کے ساتھ یہ بھی ماننا پڑے گا کہ اسلام اپنی پہلی صدی ہی میں ناکام ہو گیا کہ اس کے ماننے والوں کی اکثریت کا کردار یہ تھا۔

*یزید کا کردار کیسا تھا؟*

غالی راویوں بالخصوص ابو مخنف اور ہشام کلبی نے بھی یزید کے خلاف زبردست پراپیگنڈا کیا اور اسے شرابی، بدکار اور ہم جنس پرست ظاہر کیا،
( بلاذری۔ انساب الاشراف۔ 5/299۔ باب امر یزید بن معاویہ۔)

سانحہ کربلا کی وجہ سے چونکہ لوگوں میں یزید کے خلاف شدید نفرت پھیل گئی، اس وجہ سے ان کے پراپیگنڈے کو قبول عام حاصل ہوا اور لوگوں نے بالعموم ان روایات کو اس طرح تسلیم کر لیا کہ گویا یہ سچ ہے۔ حالانکہ اگر نامزدگی کے وقت یزید کا کردار ویسا ہی ہوتا جیسا کہ ان روایات میں بیان کیا گیا ہے تو پھر اس کی مخالفت کرنے والے صرف دو افراد نہ ہوتے بلکہ صحابہ کرام اور تابعین کی کثیر تعداد اس کی بیعت سے انکار کر دیتی۔ پھر تو ہونا یہ چاہیے تھا کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ یزید کو نامزد کرنے کے ارادے کا اظہار ہی کرتے اور مشرق و مغرب میں بے چینی کی لہر دوڑ جاتی۔ جو صحابہ کرام ، حضرت معاویہ کی پبلک ایڈمنسٹریشن کا حصہ تھے، وہی اٹھ کھڑے ہوتے۔ دیگر شہروں سے بھی نیک لوگ دمشق آ پہنچتے اور حضرت معاویہ کو مجبور کرتے کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے لیں۔ لیکن ایسا کچھ نہ ہوا بلکہ دو افراد کے سوا سبھی نے اس فیصلے کو تسلیم کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یزید کے کردار میں کچھ ایسا مسئلہ نہ تھا۔ اگر بالفرض بعد میں اس کے کردار میں کچھ مسئلہ پیدا ہوا ہو تو اس کی ذمہ داری حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر عائد نہیں ہوتی ہے۔

اس کے برعکس ہم دیکھتے ہیں کہ حضرت حسین اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم نے بھی جب یزید کی بیعت سے انکار کیا تو انہوں نے اس کے کردار کی کسی خامی کی طرف اشارہ نہیں کیا۔ حضرت حسین تو ہر سال حضرت معاویہ رضی اللہ عنہما کے مہمان بنتے تھے اور وہ انہیں بہت سے تحائف اور عطیات دے کر رخصت کرتے تھے۔ حضرت حسین کے فرسٹ کزن عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما نے اپنی بیٹی کی شادی یزید سے کر رکھی تھی جو کہ نہایت ہی متقی و پرہیز گار خاتون تھیں۔ اس اعتبار سے یزید حضرت حسین (رض) کی بھتیجی کا شوہر تھا،
( ابن حزم۔ جمہرۃ الانساب۔ 69۔ قاہرہ: دار المعارف)

حضرت حسین اور عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہم کے بارے میں یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ آپ یزید کے کردار سے ناواقف رہے ہوں گے۔ آگے چل کر ہم بیان کریں گے کہ سانحہ کربلا سے کچھ دیر پہلے آپ اس بات پر تیار بھی ہو گئے تھے کہ آپ یزید کی بیعت کر لیں۔ اگر حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے خیال میں یزید کا کردار ایسا ہی گیا گزرا ہوتا تو کیا آپ اس کی بیعت کے لیے تیار ہو جاتے؟

یہاں ہم ایک مرتبہ پھر واضح کرتے چلیں کہ یزید نے اپنے دور حکومت میں جو غلط کام کیے یا اس سے جو غلطیاں سرزد ہوئیں، ہم ہرگز ان کی حمایت نہیں کرتے۔ اس موقع پر ہم یزید کے کردار سے متعلق جو کچھ لکھ رہے ہیں، اس کا مقصد یہ ہے کہ اس فیصلے کی وضاحت کی جائے جو اس زمانے کے تمام جلیل القدر صحابہ و تابعین نے یزید کی بیعت کر کے کیا۔ اگر ولی عہدی کی بیعت کے وقت یزید کا کردار ویسا ہی ہوتا، جیسا کہ بیان کیا جاتا ہے تو پھر نہ صرف حضرت حسین و ابن زبیر، بلکہ تمام کے تمام صحابہ رضی اللہ عنہم اس کی مخالفت کرتے۔ اس کے برعکس کتب تاریخ میں ایسی متعدد روایات ملتی ہیں ، جن میں جلیل القدر صحابہ و تابعین رضی اللہ عنہم کی جانب سے یزید کا ذکر مثبت انداز میں ملتا ہے۔
یہاں ہم چند روایتیں پیش کر رہے ہیں۔

*سب سے پہلے تو ہم یہ دیکھتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما، جن کے بارے میں باغی راویوں وغیرہ نے یہ افسانہ مشہور کر دیا ہے کہ انہوں نے یزید کی نامزدگی پر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے اختلاف کیا، کی رائے اس کے بارے میں کیا تھی؟*

📚المدائني عن عبد الرحمن بن معاوية قال، قال عامر بن مسعود الجمحي:
عامر بن مسعود جمحی کہتے ہیں کہ ہم لوگ مکہ میں تھے جب ڈاک کے ذریعے معاویہ کی وفات کی اطلاع ہمیں ملی۔ ہم اٹھ کر ابن عباس کے پاس چلے گئے اور وہ بھی مکہ ہی میں تھے۔ ان کے پاس کچھ لوگ بیٹھے تھے اور دستر خوان بچھ چکا تھا مگر ابھی کھانا نہیں آیا تھا۔ ہم نے ان سے کہا: ’’ابو عباس! ڈاک کے ذریعے معاویہ کی وفات کی اطلاع آئی ہے۔‘‘ ابن عباس کافی دیر خاموش رہے اور پھر فرمایا: “یا اللہ! معاویہ کے لیے اپنی رحمت وسیع فرما دیجیے۔ واللہ! وہ اپنے سے پہلے (خلفاء) کی طرح تو نہیں تھے لیکن ان کے بعد ان جیسا بھی نہیں آئے گا۔ بلاشبہ ان کا بیٹا یزید ان کے صالح اہل خانہ میں سے ہے۔ لہذا آپ لوگ اپنی اپنی جگہ اطمینان رکھیے اور اس کی اطاعت اور بیعت کر لیجیے۔ اے بیٹے! کھانا لے آؤ۔” راوی کہتے ہیں کہ ہم وہیں پر تھے کہ خالد بن عاص، جو اس وقت مکہ کے گورنر تھے، کا قاصد آیا اور انہیں بیعت کی دعوت دی۔ ابن عباس نے کہا: ’’آپ جا کر ان سے کہیے : ’’جو لوگ اس وقت آپ کے پاس ہیں، ان سے اپنا معاملہ نمٹا لیجیے۔ شام کو میں آپ کے ہاں آؤں گا۔‘‘ قاصد (چلا گیا) اور پھر پلٹ کر آیا اور کہنے لگا: ’’آپ کا وہاں پر موجود ہونا بہت ضروری ہے۔‘‘ پھر آپ چلے گئے اور بیعت کر لی۔
( بلاذری۔ 5/302)

*حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما، جن کے بارے میں بھی باغی راویوں وغیرہ نے یہ بات مشہور کر دی ہے کہ انہوں نے یزید کی نامزدگی پر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے اختلاف کیا، کی رائے اس کے بارے میں کیا تھی؟*

📚نافع بیان کرتے ہیں کہ جب اہل مدینہ میں سے کچھ لوگ یزید بن معاویہ کی بیعت توڑنے لگے تو عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے اپنے خادموں اور لڑکوں کو جمع کیا اور کہا کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہر غدر کرنے والے کے لیے قیامت کے دن ایک جھنڈا کھڑا کیا جائے گا اور ہم نے اس شخص ( یزید ) کی بیعت، اللہ اور اس کے رسول کے نام پر کی ہے اور میرے علم میں کوئی غدر اس سے بڑھ کر نہیں ہے کہ کسی شخص سے اللہ اور اس کے رسول کے نام پر بیعت کی جائے اور پھر اس سے جنگ کی جائے اور دیکھو مدینہ والو! تم میں سے جو کوئی یزید کی بیعت کو توڑے اور دوسرے کسی سے بیعت کرے تو مجھ میں اور اس میں کوئی تعلق نہیں رہا، میں اس سے الگ ہوں۔ ۔
(صحیح بخاری، حدیث،7111)

*اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یزید کے کردار میں پھر کیا ایسی خامی تھی، جس کے باعث بعض حضرات نے اس کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔*

اس سلسلے میں طبری نے یہ روایت نقل کی ہے:

📚حدثني الحارث، قال: حدثنا علي، عن مسلمة:
معاویہ رضی اللہ عنہ نے زیاد بن ابی سفیان کو خط لکھ کر اس بارے میں مشورہ طلب کیا۔ زیاد نے عبید بن کعب نمیری کو بلا کر کہا: “مشورہ امانت دار سے لینا چاہیے۔ لوگوں کو دو عادتوں نے خراب کر رکھا ہے۔ راز فاش کرنا اور نااہلوں کے ساتھ خیر خواہی کرنا۔ وہی شخص راز کو راز رکھ سکتا ہے جو یا تو دین دار ہو اور آخرت اس کی ترجیح ہو یا پھر ایسا شریف النفس دنیا دار ہو جسے اپنی عزت بچانے کی عقل ہو۔ میں نے یہ دونوں وصف آپ میں دیکھے ہیں اور مجھے پسند آئے ہیں۔ اس وقت میں نے آپ کو ایسی بات کے لیے لکھا ہے کہ یزید کے لیے بیعت لینے کا جو ارادہ امیر المومنین نے کیا ہے، اس میں وہ مجھ سے مشورہ طلب کر رہے ہیں۔ اسلام کا تعلق اور ذمہ داری بہت بڑی چیز ہے اور میں دیکھتا ہوں کہ یزید کی طبیعت میں کاہلی اور سہل پسندی بہت ہے۔ پھر وہ سیر اور شکار کا شوقین ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ میری طرف سے امیر المومنین کے پاس جائیں اور یزید کے جو مسائل میں نے بیان کیے ہیں، ان سے بیان کر دیجیے اور کہیے کہ ابھی تامل کیجیے۔ آپ جو چاہتے ہیں ، یہ بات ہو کر رہے گی۔ جلدی نہ کیجیے۔ جس تاخیر میں بہتری ہو، وہ اس جلدی سے بہتر ہے جس میں ہدف کے حاصل نہ ہونے کا اندیشہ ہو۔”

عبید نے کہا: “آپ کے خیال میں کیا اور کوئی طریقہ نہیں ہے؟” زیاد نے کہا: “اور کیا طریقہ سے کیا مراد ہے؟” عبید نے کہا: “حضرت معاویہ کی رائے پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے کہ ان کے بیٹے کی طرف سے انہیں نفرت دلانا مناسب نہیں ہے۔ میں انہیں بتائے بغیر یزید سے ملاقات کروں گا اور آپ کا پیغام دوں گا کہ امیر المومنین نے تمہاری بیعت کے لیے مجھ سے مشورہ کیا ہے۔ میں دیکھتا ہوں کہ تمہاری بعض عادات سے لوگ بیزار ہیں۔ مجھے اندیشہ ہے کہ تمہاری بیعت میں وہ مخالفت کریں گے۔ میری رائے یہ ہے کہ جن باتوں کو لوگ پسند نہیں کرتے، وہ سب باتیں ترک کر دو۔ اس سے امیر المومنین کی بات بھی پوری ہو جائے گی اور آپ بھی جو چاہتے ہیں (کہ یزید کی اصلاح ہو،) وہ کام بھی آسانی سے ہو جائے گا۔ اس طرح آپ یزید سے بھی خیر خواہی کریں گے اور امیر المومنین بھی راضی رہیں گے۔ امت اسلام کی ذمہ داری کے بارے میں بھی آپ کو جو خدشہ ہے، اسے سے بھی آپ محفوظ رہیں گے۔”

زیاد نے کہا: “یہ تو بڑا تیر بہدف نسخہ ہے۔ اب خیر و برکت کے ساتھ آپ روانہ ہو جائیے۔ اگر (یزید کی) اصلاح ہو جائے تو اس سے بہتر کیا بات ہو سکتی ہے۔ اگر کچھ غلط بھی ہو گیا تو اس فعل میں کوئی خطرہ نہیں۔ اللہ نے چاہا تو وہ ہمیں غلطی سے بھی محفوظ رکھے گا۔” عبید نے کہا: “آپ اپنی رائے سے جو یہ بات کہتے ہیں، باقی اللہ کو جو منظور، وہ تو غیب میں ہے۔”

عبید یزید کے پاس پہنچے اور اس سے بات کی۔ زیاد نے بھی حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو انتظار کے لیے لکھا اور جلدی سے منع کیا۔ حضرت معاویہ نے ان کی بات مان لی۔ یزید نے بھی اکثر افعال کو ترک کر دیا۔

زیاد جب فوت ہو گئے تو حضرت معاویہ نے ایک تحریر نکالی اور لوگوں کے سامنے پڑھی۔ اس میں یزید کو جانشین کرنے کا مضمون تھا کہ اگر معاویہ فوت ہو گئے تو یزید ولی عہد ہو گا۔ یہ سن کر پانچ افراد کے سوا سب لوگ یزید کی بیعت پر تیار ہو گئے۔ پانچ افراد حسین بن علی، ابن عمر، ابن زبیر، عبدالرحمن بن ابی بکر اور ابن عباس رضی اللہ عنہم نے بیعت نہیں کی۔
( طبری۔ 4/1-116)

پہلی بات سند کے اعتبار سے یہ روایت بھی کمزور ہے کیونکہ یہ مسلمہ بن محارب کا بیان ہے اور ان کے حالات کے بارے میں ہم کچھ نہیں جانتے ہیں کہ وہ کس درجے میں قابل اعتماد تھے۔

البتہ اس روایت سے بھی بس یہی معلوم ہوتا ہے کہ یزید کی طبیعت میں کچھ کاہلی اور تن آسانی پائی جاتی تھی۔ وہ سیر و تفریح اور شکار کا شوقین تھا۔ ہر شخص جانتا ہے کہ یہ چیزیں اخلاقی برائی کے زمرے میں نہیں آتیں تاہم خلیفہ وقت کا جو منصب تھا، اس کا تقاضا یہ تھا کہ ان خامیوں پر قابو پایا جائے۔ روایت کے مطابق یزید نے ان خامیوں پر قابو پا لیا۔

*دوسری طرف روایات کا ایک ایسا گروپ ہے، جس کے مطابق یزید شراب، بدکاری اور ہم جنس پرستی کا شوقین تھا اور نمازیں ترک کر دیتا تھا۔ ان روایات کی یا تو سند ہی نہیں ملتی یا پھر اگر ملتی ہے تو اس میں بھی وہی ہشام کلبی اور ابو مخنف نظر آتے ہیں۔ تاریخی تجزیہ کا یہ مسلمہ اصول ہے کہ جو شخص کسی دوسرے شخص کے معاملے میں متعصب ہو، اس کی اس شخص کے بارے میں بات کو قبول نہ کیا جائے*

شراب اور بدکاری جیسے جرائم دو طرح ہی انجام دیے جا سکتے ہیں

ایک تو کھلے عام اور دوسرے چھپ کر۔
۔
اگر یزید یہ افعال کھلے عام انجام دیتا تو صحابہ کرام بشمول سعد بن ابی وقاص، ابن عمر اور ابن عباس رضی اللہ عنہم کبھی اس کی بیعت نہ کرتے۔

دوسری صورت یہ ہو سکتی ہے کہ وہ چھپ کر یہ افعال کرتا تھا۔ ایسی صورت میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان غالی راویوں کو کیسے علم ہوا کہ وہ
یزید چھپ کر یہ کام کرتا تھا؟
کیا یہ راوی خود بھی اس کے شریک مجلس رہے تھے یا یزید نے خود آ کر ان کے سامنے اپنی بدکاریوں کا اعتراف کیا تھا؟

یہی وہ جواب ہے جو حضرت علی کے تیسرے بیٹے اور حسین رضی اللہ عنہما کے چھوٹے بھائی محمد بن علی رحمہ اللہ، جو کہ اپنی والدہ کی نسبت سے ابن حنفیہ کے نام سے مشہور ہیں، نے ان معترضین کو دیا تھا جب وہ یزید کے خلاف بغاوت کے لیے انہیں تیار کرنے گئے تھے۔

📚انہوں نے کہا:
“ہمارے ساتھ نکلیے کہ ہم یزید سے جنگ کریں۔‘‘ محمد بن علی نے ان سے کہا: ’’کس بات پر میں اس سے جنگ کروں اور اسے منصب خلافت سے ہٹاؤں؟‘‘ وہ بولے: ’’وہ کفر اور فسق و فجور میں مبتلا ہے، شراب پیتا ہے اور دین کے معاملے میں سرکشی کرتا ہے۔”
اس کے جواب میں انہوں نے فرمایا: “کیا آپ لوگ اللہ سے نہیں ڈرتے۔ کیا آپ میں سے کسی نے اسے ایسا کرتے دیکھا ہے جو آپ ذکر کر رہے ہیں۔ میں اس کے پاس رہا ہوں اور میں نے اس میں کوئی برائی نہیں دیکھی۔” وہ کہنے لگے: ’’اس نے آپ کو اپنے اعمال کی خبر نہ ہونے دی ہو گی۔‘‘ محمد بن علی نے فرمایا: ’’تو کیا اس نے آپ لوگوں کو خبر کر کے یہ برائیاں کی ہیں؟ اس صورت میں تو آپ بھی اس کے ساتھی رہے ہوں گے۔ اگر اس نے آپ کو نہیں بتایا تو پھر تو آپ لوگ بغیر علم کے گواہی دینے چل پڑے ہیں۔‘‘
( بلاذری۔ انساب الاشراف۔ 3/471۔ باب محمد بن حنفیہ)

ہمارے ہاں جب یزید کی مذمت کی جاتی ہے تو لوگوں کے سامنے سانحہ کربلا، سانحہ حرہ اور مکہ مکرمہ پر حملے کے واقعات ہوتے ہیں۔
ان سب کے ساتھ تقریباً پچھلے چودہ سو برس سے یزید کے خلاف جو کچھ کہا اور لکھا جا رہا ہے، وہ ہوتا ہے۔

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے جب یزید کو نامزد کیا تو اس وقت نہ تو سانحہ کربلا ہوا تھا اور نہ ہی اور سانحات وجود میں آئے تھے۔ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ یہ سانحات وجود میں آ جائیں گے۔ اس وجہ سے حضرت معاویہ پر الزام تراشی کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔

*حضرت حسین اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم نے اختلاف کیوں کیا؟*

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یزید کا کردار اگر برا نہ تھا، تو پھر حضرت حسین اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم نے اس کی نامزدگی میں اختلاف کیوں کیا اور اس کے حکومت سنبھالنے کے بعد اس کی بیعت میں پس و پیش کیوں کیا ؟ اس سوال کے جواب میں بعض حضرات ان دونوں بزرگوں سے بدگمانی کرتے ہیں اور نعوذ باللہ انہیں بغاوت کا مجرم سمجھتے ہیں۔ ہم اللہ کی پناہ مانگتے ہیں کہ حضرت حسین اور ابن زبیر رضی اللہ عنہم کے بارے میں بدگمانی کریں۔

ان دونوں کے معاملے کی تفصیل انشاء اللہ ہم اگلے سلسلو میں بیان کریں گے۔

یہاں مختصراً اتنا عرض کر دینا ضروری ہے کہ ان دونوں حضرات نے اگر یزید کی نامزدگی کے سلسلے میں اختلاف رائے کیا تو انہیں اس کا حق حاصل تھا۔ ہر انسان کو اپنی رائے کا حق حاصل ہے اور اس میں کوئی برائی نہیں کہ انسان کوئی بھی رائے رکھے۔ برائی اس وقت ہوتی ہے جب انسان محض اپنی انا اور اقتدار کے لیے فتنہ و فساد برپا کرے۔ ان دونوں حضرات نے ایسا کوئی فتنہ و فساد برپا نہیں کیا۔ ممکن ہے کہ ان دونوں حضرات نے دیانتداری سے یہ رائے قائم کی ہو کہ باپ کے بعد بیٹے کا خلیفہ بننا مناسب عمل نہیں ہے اور انہیں یہ خطرہ محسوس ہوا ہو کہ ان حضرات کے اس عمل کے نتیجے میں مستقبل میں کہیں ملوکیت کی راہیں ہموار نہ ہو جائیں۔ اس وجہ سے انہوں نے اس بارے میں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی رائے سے اختلاف کیا۔

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد یزید کے اقتدار سنبھالتے ہی عراق، بالخصوص کوفہ میں انارکی کی سی کیفیت پیدا ہو گئی تھی۔ اہل کوفہ نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے زمانے میں یزید کی نامزدگی کے معاملے میں اتفاق کر لیا تھا۔ اب انہوں نے حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو خطوط لکھ کر اپنے پاس بلانا شروع کیا اور آپ وہاں تشریف لے گئے۔ آگے چل کر ہم دیکھیں گے کہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے کسی ایسے عزم کا اظہار نہیں فرمایا کہ آپ حکومت کے خلاف بغاوت کرنا چاہتے تھے۔ اس کے برعکس آپ کو جب اطلاع ملی کہ اہل کوفہ اپنے موقف سے پیچھے ہٹ گئے ہیں تو آپ نے یزید کی بیعت کر لینے کا ارادہ فرمایا۔ اس کے بعد وہ سانحہ پیش آیا جس میں آپ کو شہید کر دیا گیا۔

حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما نے یزید کی بیعت نہیں کی لیکن انہوں نے اس کی زندگی کے دوران اپنی خلافت کا دعوی بھی نہیں کیا۔ جب انہیں یزید کی وفات کی اطلاع ملی تو اس وقت سرکاری فوج کے کمانڈر حصین بن نمیر نے انہیں خلافت کی پیشکش کی اور انہوں نے اس کے بعد اسے قبول کر لیا۔ یہ تفصیلات ہم انشاء اللہ اگلے سلسلوں میں بیان کریں گے۔

*تاریخ کے اگلے سلسلہ میں ان شاءاللہ ہم پڑھیں گے کہ حضرت امیر معاویہ رض کا دور ملوکیت کا دور تھا یا خلافت کا؟*

(واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب )

🌷اپنے موبائل پر خالص قران و حدیث کی روشنی میں مسائل حاصل کرنے کے لیے “ADD” لکھ کر نیچے دیئے گئے نمبر پر سینڈ کر دیں،
🌷آپ اپنے سوالات نیچے دیئے گئے نمبر پر واٹس ایپ کر سکتے ہیں جنکا جواب آپ کو صرف قرآن و حدیث کی روشنی میں دیا جائیگا,
ان شاءاللہ۔۔!!
🌷سلسلہ کے باقی سوال جواب پڑھنے کے لئے ہماری آفیشل ویب سائٹ وزٹ کریں یا ہمارا فیسبک پیج دیکھیں::

یا سلسلہ نمبر بتا کر ہم سے طلب کریں۔۔!!

*الفرقان اسلامک میسج سروس*
+923036501765

آفیشل ویب سائٹ
https://alfurqan.info/

آفیشل فیسبک پیج//
https://www.facebook.com/Alfurqan.sms.service2

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں