897

سوال_ ماہ رجب کی اہمیت و فضیلت، عبادات اور کونڈوں کہانیوں کی کیا حقیقت ہے؟ کیا ماہ رجب کی فضیلت میں کوئی حدیث موجود ہے؟

“سلسلہ سوال و جواب نمبر-219”
سوال_ ماہ رجب کی اہمیت و فضیلت، عبادات اور کونڈوں کہانیوں کی کیا حقیقت ہے؟ کیا ماہ رجب کی فضیلت میں کوئی حدیث موجود ہے؟

Published Date: 10-3-2019

جواب..!!
الحمدللہ..!!

*لفظی معنی*
لفظ رَجْبٌ اگر جیم کے ضمہ کے ساتھ ہو تو اس کا معنی ہے ’’شرم کرنا، پھینک کر مارنا، ڈرنا اور بڑائی کرنا۔ ‘‘ اور اگر جیم کے فتحہ کے ساتھ رَجَبٌ ہو تو اس کا معنی ہے ’’گھبرانا اور شرم کرنا ‘‘
(لغات الحدیث :2-69)

*اصطلاحی معنی*
اصلاح میں رجب قمری مہینوں میں ساتویں مہینے کا نام ہے اور یہ ان چار مہینوں میں بھی شامل ہے جنہیں شریعت اِسلامیہ میں حرمت والے قرار دیا گیا ہے ۔

📚چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
﴿إنَّ عِدّةَ الشَّهُوْرِ عِنْدَ اﷲِ اثْنَا عَشَرَ شَهراً فِیْ کِتَابِ اﷲِ يَوْمَ خَلَقَ السَّمٰواتِ وَالاَرْضَ مِنْهَا أرْبَعة حُرُمٍ﴾
(سورہ التوبۃ:36 )
’’بے شک آسمانوں اور زمین کی تخلیق کے روز سے ہی اللہ کے ہاں مہینوں کی تعداد بارہ ہے اور ان میں چار حرمت والے ہیں ۔ ‘‘

ان چارحرمت والے مہینوں سے مراد رجب، ذوالقعدہ، ذوالحجہ اور محرم الحرام ہیں ۔ جیساکہ یہ وضاحت خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہی فرمائی ہے ۔

📚رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ( حجۃ الوداع کے خطبے میں ) فرمایا کہ دیکھو زمانہ پھر اپنی پہلی اسی ہیئت پر آ گیا ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے آسمان و زمین کو پیدا کیا تھا۔ سال بارہ مہینے کا ہوتا ہے، ان میں سے چار حرمت والے مہینے ہیں۔ تین تو لگاتار یعنی ذی قعدہ، ذی الحجۃ اور محرم اور چوتھا رجب مضر جو جمادی الاخریٰ اور شعبان کے درمیان میں پڑتا ہے۔
(صحیح بخاری:حدیث نمبر_4662)

📚شیخ ابن عادل حنبلی رحمہ اللہ نے انہی چاروں کی حرمت پراجماع بھی نقل کیا ہے ۔
(تفسیر اللباب فی علوم الکتاب:10-85)

*یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر کوئی معترض کہے کہ یہ چار مہینے بھی دیگر مہینوں کی مانند ہیں تو پھر انہیں دوسروں سے ممتاز کیوں کیا گیا؟*

تو اس کاجواب یہ ہے کہ شریعت میں یہ چیز بعید نہیں کیونکہ شریعت میں مکہ مکرمہ کو دیگر شہروں سے زیادہ محترم قرار دیا گیا ہے ۔ ،جمعہ کے دن اور عرفہ کے دن کو باقی دنوں سے زیادہ محترم کہا گیا ہے، شب قدر کو باقی راتوں پر برتری دی گئی ہے ،بعض اشخاص کو رسالت عطا کر کے دوسروں پر فوقیت دی گئی ہے تو اگر بعض مہینوں کو دوسروں کے مقابلے میں امتیازی حیثیت دی گئی ہے تو یہ کوئی اچنبھے کی بات نہیں ۔أیضاً
حرمت و تعظیم میں ان چار مہینوں کی تخصیص اسی طرح ہے جیسے صلاۃ وسطیٰ کی تخصیص ہے

📚چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
﴿حَافِظُوْا عَلَی الصَّلَوَاتِ وَالصَّلَاة الْوُسْطیٰ﴾
(البقرۃ:۲۳۸)
’’یعنی نمازوں کی حفاظت کرو بطورِ خاص صلاۃ وسطیٰ (درمیانی نماز)کی۔ ‘‘

ان مہینوں کی حرمت کے دو مفہوم ہیں ۔ ایک یہ کہ ان میں قتل و قتال حرام ہے اور دوسرا یہ کہ یہ مہینے متبرک اور قابل احترام ہیں ۔ ان میں نیکیوں کاثواب زیادہ اور برائیوں کا گناہ زیادہ لکھا جاتا ہے

*حرمت والے مہینوں میں کرنے کا کام*

📚اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ :
﴿فَلَا تَظْلِمُوْا فِيْهِنَّ أنْفُسَکُمْ ﴾
(التوبۃ :36)
’’یعنی ان مہینوں میں اپنے نفسوں پر ظلم نہ کرو۔ ‘‘

📚شیخ ابن عادل نے اس آیت کا مفہوم بیان کرتے ہوئے نقل فرمایا ہے کہ اپنے نفسوں پر ظلم سے مراد ہے معاصی کا ارتکاب اور اطاعت کے کام ترک کر دینا۔
(اللباب فی علوم الکتاب :10/86)

📚تفسیر جلالین میں ہے کہ اپنے نفسوں پر ظلم سے مراد ہے ’گنا ہوں کا ارتکاب‘ اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان مہینوں میں برائی کا گناہ زیادہ ہوتا ہے ۔
(تفسیر الجلالین،ص۲۷۰)

📚امام ابوبکر الجزائری رحمہ اللہ نے بھی اس آیت کا یہی مفہوم بیان کیا ہے ۔
(تفسیر أیسر التفاسیر:2/74)

*ان مہينوں كو دو وجہوں كى بنا پر حرمت والے مہينوں كا نام ديا گيا ہے*

1 – ان مہينوں ميں دشمن سے جنگ كرنا حرام ہے، ليكن اگر دشمن خود ابتدا كرے تو جائز ہے.

2 – كيونكہ ان مہينوں ميں حرمت پامال كرنى دوسرے مہينہ كو بنسبت زيادہ شديد ہے.

اور اسى ليے اللہ سبحانہ وتعالى نے ہميں ان چار مہينوں ميں معاصى كے ارتكاب سے اجتناب كرنے كا حكم ديتے ہوئے فرمايا ہے:

﴿تم ان مہينوں ميں اپنى جانوں پر ظلم نہ كرو ﴾التوبۃ ( 36 ).

حالانكہ ان مہينوں كے علاوہ باقى مہينوں ميں بھى معاصى كا ارتكاب كرنا حرام ہے، ليكن ان مہينوں ميں اس كى حرمت اور بھى زيادہ شديد ہے.

📚سعدى رحمہ اللہ تعالى كہتے ہيں:

﴿تم ان مہينوں ميں اپنى جانوں پر ظلم نہ كرو﴾.

يہ احتمال ہے كہ اس كى ضمير بارہ مہينوں كى طرف جاتى ہو، اور اللہ تعالى نے بيان كيا ہے كہ اس نے ہى بندوں كى تقدير بنائى ہے، اور يہ كہ وہ اپنى عمر اللہ تعالى كى اطاعت و فرمانبردارى اور اس كے انعامات كا شكر كرتے ہوئے زندگى بسر كريں، اور اسے بندوں كى مصلحتوں ميں بسر كريں، لہذا اس ميں تم اپنى جانوں پر ظلم كرنے سے اجتناب كرو.

اور يہ بھى احتمال ہے كہ ضمير ان چار حرمت والے مہينوں كى طرف جاتى ہو، اور يہ ان كے ليے ان چار مہينوں ميں خصوصى طور پر ظلم كے ارتكاب كى نہى ہے، حالانكہ ہر وقت ظلم كرنے كى ممانعت ہے، اور ان چار مہينوں ميں ظلم و ستم باقى مہينوں كى بنبست زيادہ شديد ہے. انتہى

ديكھيں: تفسير السعدى ( 373 )

*ماہ رجب کی خاص فضیلت*

ماہ رجب کی اتنی عمومی فضیلت تو ثابت ہے کہ وہ چار حرمت والے مہینوں میں شامل ہونے کی وجہ سے باقی مہینوں سے زیادہ قابل احترام اور متبرک ہے، لیکن بطورِ خاص ماہ رجب کی فضیلت میں کوئی بھی روایت ثابت نہیں

📚جیسا کہ امام شوکانی رحمہ اللہ نے نقل فرمایا ہے کہ

’’لم يرد فی رجب علی الخصوص سنة صحيحة ولاسنة ولاضعيفة ضعفا خفيفا بل جميع ما روی فيه علی الخصوص امام موضوع مکذوب أو ضعيف شديد الضعف‘‘

’’خاص طور پر ماہ رجب کے متعلق کوئی صحیح حسن یا کم درجے کی ضعیف سنت وارد نہیں بلکہ اس سلسلے میں وارد تمام روایات یا تو من گھڑت اورجھوٹی ہیں یا شدید ضعیف ہیں ۔ ‘‘
(السیل الجرار:2/143)

📚شیخ لاسلام امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ:
’’بطورِ خاص رجب کے روزے رکھنے کے متعلق تمام احادیث ضعیف بلکہ موضوع ہیں ۔ اہل علم ان میں سے کسی پربھی اعتماد نہیں کرتے ۔ ‘‘
(مجموع الفتاویٰ:20/290)

📚امام ابن قیم رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ :
’’رجب کے روزے اور اس کی کچھ راتوں میں قیام کے متعلق جتنی بھی احادیث بیان کی جاتی ہیں وہ تمام جھوٹ اور بہتان ہیں ۔ ‘‘
(المنار المنیف:ص96)

📚حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ :
’’ایسی کوئی بھی صحیح اور قابل حجت حدیث وارد نہیں جو ماہ رجب میں مطلقاً روزے رکھنے یارجب کے کسی معین دن کا روزہ رکھنے یا اس کی کسی رات کے قیام کی فضیلت پر دلالت کرتی ہو۔ ‘‘
(تبیین العجب، ص۱۱)

📚سید سابق رحمہ اللہ رقم طراز ہیں کہ:
’’رجب میں روزے رکھنا دوسرے مہینوں میں روزے رکھنے سے افضل نہیں ۔ ‘‘
(فقہ السنۃ:1/383)

*اہل علم کے درج بالا اَقوال سے معلوم ہوا کہ ماہ رجب کی کوئی بھی خاص فضیلت ثابت نہیں اورجن روایات میں اس کی کوئی بھی فضیلت مروی ہے وہ تمام کذب و افتراء ہیں*

*معلوم ہوا کہ حرمت والے مہینوں میں خصوصی طور پر گنا ہوں کے ارتکاب سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے چونکہ رجب بھی حرمت والا مہینہ ہے اس لئے اس مہینے میں بھی یہی کوشش ہونی چاہئے مگر خدا کا کرنا ایسا ہے کہ اس مہینے میں وہ گناہ تو ہوتے ہی ہیں جو دوسرے مہینوں میں کئے جاتے ہیں ۔ مزید برآں کچھ ایسے گناہ بھی کئے جاتے ہیں جو محض اسی مہینے کے ساتھ خاص ہیں اور حیرانگی کی بات ہے کہ اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی طرف سے کوئی خبر نہ ہونے کے باوجود اِس مہینے کو با برکت مانا جاتا ہے اور من گھڑت رسموں اور عِبادت کے لیے خاص کیا جاتا ہے*

جِن امور کو کرنے کا اِسلام میں کوئی جواز نہیں بلکہ ممانعت ہے ، اِن رسوم اور عِبادات(رسموں اور عبادتوں) کو مُسلمانوں میں داخل کرنے کے لیے جھوٹی احادیث ( حدیثیں)بنائی گئیں ، تا کہ مُسلمان اُن کو اپنے دِین اِسلام کا حصہ سمجھ کر اپنا لیں ، یہ تو اللہ تعالیٰ کا اپنے حبیب صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی اُمت پر خاص کرم ہے کہ ہمیشہ اُس نے ایسے عالِم رکھے جو اُسکے رسول صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کے نام پر پھیلائے جانے والے جھوٹ کواُمت پر ظاہر کرتے ہیں تا کہ اُمت دھوکے کا شکار نہ ہو یہ الگ بات ہے کہ اپنی نالائقی، ضد ، ہٹ دھرمی اور اندھی تقلید کی وجہ سے کچھ لوگ اللہ کی اِس خاص مہربانی کا فائدہ نہیں اُٹھا پاتے،

یہاں ہم ماہِ رجب کے بارے میں گھڑی ہوئی جھوٹی احادیث کا مختصراً ذِکر کر رہے ہیں ، جن کی بنا پر لوگ اِس مہینے کو کچھ کا کچھ سمجھتے ہیں اور اِس کے بارے میں غلط عقائد کا شکار ہیں ،

🚫رجب کی فضیلت کے عدم ثبوت کے ضمن میں بعض اہل علم نے یہ روایت نقل کی ہے کہ ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حرمت والے مہینوں میں روزے رکھنے کی ترغیب دلائی ہے ۔ ‘‘ اور چونکہ رجب بھی حرمت والے مہینوں میں شامل ہے ۔ اس لئے اس کے روزے اس عمومی حدیث کی وجہ سے مستحب ہوئے ۔ تو یہ واضح رہنا چاہئے کہ یہ روایت بھی ثابت نہیں بلکہ ضعیف ہے جیسا کہ علامہ ناصر الدین البانی رحمہ اللہ نے وضاحت فرمائی ہے ۔
(ضعیف أبوداؤد:۲۳۲۸)

*رجب کے بارے میں جھوٹی ، مَن گھڑت ، خود ساختہ اور کمزور روایات(حدیثیں)*

🚫 نمبر_1
اللَّهُمَّ بَارِكْ لَنَا فِي رَجَبٍ وَشَعْبَانَ وَبَلِّغْنَا رَمَضَانَ::: اللہ ہمیں ر جب و شعبان میں برکت دے اور رمضان تک پہنچا دے
۔درجہء صحت :::
ضعیف یعنی کمزور ہے ، لہذا ناقابل حُجت ہے ،ضعیف الجامع الصغیر /4395،
اِس کی سند میں زائدہ بن ابی الرقاد ، ابو معاذ الباھلی نامی راوی کو إِمام بخاری رحمہُ اللہ نے نے”منکر الحدیث”قرار دِیا ہے ،اور اِس نے زیاد بن عبداللہ النمیری سے یہ روایت بیان کی ہے ، اور اِس زیاد کو بھی إِمام ابو حاتم بن حبان نے “منکر الحدیث”قرار دِیا ہے ۔

🚫 روایت نمبر_2
اِن فی الجنۃ نھراً یقال لہُ رجب ، ماؤہ أشد بیاضاً مَن اللبنِ و أحلیٰ مَن العَسلِ مَن صام یوماً مَن رجب سقاہُ اللہ مَن ذَلکَ النھر ::: جنت میں ایک دریا ہے جِس کا نام رجب ہے اُس کا پانی دودھ سے زیادہ سُفید ، شہد سے زیادہ میٹھا ہے ، جو کوئی رجب کے مہینے میں ایک دِن بھی روزہ رکھے گا اُسے اللہ اِس دریا کا پانی پلائے گا ۔
درجہء صحت::: باطل روایت /
(سلسلہ الاحادیث الضعیفہ و الموضوعہ /حدیث1898)

🚫روایت نمبر_3
رجب شھر اللَّہ و شعبان شھری و رمضان شھر اُمتی:::
رجب اللہ کا مہینہ ، اور شعبان میرا مہینہ، اور رمضان میری اُمت کا مہینہ ہے ۔
درجہء صحت :::
ضعیف یعنی کمزور ہے ، لہذا ناقابل حُجت ہے ،
(ضعیف الجامع الصغیر /حدیث3094، )

🚫روایت نمبر_ 4
فضل رجب علیٰ سائر الشھورِ کفضل القُرانِ علیٰ سائز الأذکار ::: تمام مہینوں پر رجب کی فضیلت اُس طرح ہے جِس طرح تمام تر أذکار پر قُران کی فضیلت ہے ۔
درجہء صحت ::: جھوٹی، خود ساختہ ، مَن گھڑت روایت ہے ، تبیین العجب بما ورد فی فضل رجب/روایت8، إِمام ابن حَجر العسقلانی رحمہُ اللہ ۔

🚫روایت نمبر_5
مَن صلی لیلۃ سبعۃ و عشرین مِن رجب اثنتی عشرۃ رکعۃ ،،،،، حط اللَّہ عنہُ ذنوبہ ستین سنۃ ::: جِس نے رجب کی ستائیسویں رات میں بارہ رکعت نماز پڑھی اللہ اُس کے ساٹھ سال کے گناہ مِٹا دیتا ہے۔
درجہء صحت ::: ضعیف یعنی کمزور ہے ، لہذا ناقابل حُجت ہے ،
(تنزیۃ الشریعۃ / حدیث49،)

🚫روایت نمبر_6
إِن فی رجب یوم و لیلۃ مَن صام ذلک الیوم و قام تلک اللیلۃ کان کمن صام مِن الدھر مائۃ سنۃ و قام مائۃ سنۃ ::: بے شک رجب میں ایک دِن اور ایک رات ایسے ہیں کہ جو اُس دِن روزہ رکھے گا اور اُس رات نماز پڑھے گا تو گویا اُس نے سو سال مسلسل روزے رکھے اور سو سال مسلسل رات بھر نماز پڑھی ۔
درجہء صحت :::
انتہا درجے کی منکر روایت،
(تبیین العجب مما ورد فی فضل رجب /روایت14،،إِمام ابن حَجر العسقلانی رحمہُ اللہ۔)

🚫روایت نمبر_7
مَن صام يوماً مِن رجب عدل له بصوم سنتين ، ومَن صام النصف مِن رجب عدل له بصوم ثلاثين سنة:::
جِس نے رجب میں ایک دِن روزہ رکھا اُس کو دو سال کے روزوں کا ثواب ملے گا، اور جِس نے رجب کے آدھ مہینے کے روزے رکھے تو اُسے تیس سال کے روزوں کا ثواب ملے گا۔
درجہء صحت ::: ضعیف یعنی کمزور ہے ، لہذا ناقابل حُجت ہے ،
(سلسلہ الاحادیث الضعیفہ /حدیث 4400)

🚫روایت نمبر_8
رجب شهر عظيم، يضاعف الله فيه الحسنات؛ فمن صام يوماً من رجب؛ فكأنما صام سنة، ومن صام منه سبعة أيام؛ غلقت عنه سبعة أبواب جهنم، ومن صام منه ثمانية أيام؛ فتحت له ثمانية أبواب الجنة،،،،،،،،،،،، :::
رجب عظمت والا مہینہ ہے ، اِس میں اللہ نیکیوں کو دوگنا کر دیتا ہے، پس جس نے رجب میں ایک دِن روزہ رکھا تو گویا اُس نے ایک سال روزہ رکھا،اور جس نے رجب میں ساتھ روزے رکھے تو اُس کے لیے جہنم کے سات دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، اور جس نے رجب میں آٹھ روزے رکھے تو اُس کے لیے جنّت کے آٹھ دروازے کھول دیے جاتے ہیں ،،،،،،،،،،،،،،،،،
درجہء صحت ::: جھوٹی، خود ساختہ ، مَن گھڑت روایت ہے،
( سلسلہ الاحادیث الضعیفہ/حدیث 5413)

🚫روایت نمبر_9
مَن صلی المغرب فی أول لیلۃ مِن رجب ، ثم صلی بعد ھا عشرین رکعۃ ، یقرأ فی کل رکعۃ بفاتحۃ الکتاب، و قل ھو اللَّہ احد مرۃ، و یسلم فیھن عشرَ تسلیمات،أتدرون ماثوابہ ؟ فإن رُوح الأمین جبریل علمنی ذلک، قلتُ ، اللہ و رسولہ اعلم ،
قال، حفظہ اللہ فی نفسہ و أھلہ و مالہ و ولدہ، أُجیر مِن عذاب القبر، و جاز علی الصراط بالبرق بغیر حساب و لا عذاب،:::
جس نے رجب کی پہلی رات میں مغرب کی نماز پڑھی اور پھر اُس کے بعد بیس رکعت نماز پڑھی جِس کی ہر رکعت میں ایک ایک دفعہ سورت فاتحہ اور قل ھو اللہ أحد پڑھی، اور اِن (بیس رکعتوں)میں دس دفعہ سلام پھیرا، تو کیا تم لوگ جانتے ہو کہ ایسا کرنے والے کو کیا ثواب ملےگا ؟ مجھے تو روح الامین جبریل نے بتا دِیا ہے،
میں نے (یعنی راوی نے)کہا، اللہ اور اُس کا رسول جانتے ہیں،
فرمایا، اللہ یہ نماز پڑھنے والے کی اُس کی جان میں ، اُس کے گھر والوں میں ، اُس کے مال میں، اور اُس کی اولاد میں حفاظت کرتاہے،اور اُسے قبر کے عذاب سے نجات دے دی جاتی ہے،اور وہ کسی حساب کتاب کے بغیر ہی پل صراط پر سے بجلی کی طرف گذر جائے گا۔
درجہء صحت ::: جھوٹی ، مَن گھڑت ، خود ساختہ روایت
(،تبیین العجب مما ورد فی فضل رجب / روایت 15،إِمام ابن حَجر العسقلانی رحمہُ اللہ)

🚫روایت نمبر_10
مَن صام یوم سبع و عشرین من رجب کُتب لہُ صیام ستین شھراً، و ھو الیوم الذی ھبط فیہ جبریل بالرسالۃ :::جس نے ستائیس رجب کو روزہ رکھا اُس کے لیے ساٹھ مہینے کے روزوں کے برابر ثواب لکھ دیا جاتا ہے، اور یہ ہی وہ دِن ہے جِس دِن جبریل پیغام لے کر نازل ہوئے تھے ،
درجہء صحت ::: موقوف، اور ضعیف اسناد والی ناقابل اعتبار و ناقابل حُجت روایت
(،تبیین العجب مما ورد فی فضل رجب / روایت 18،إِمام ابن حَجر العسقلانی رحمہُ اللہ۔)

📚إِمام ابن حَجر العسقلانی رحمہُ اللہ نے اپنی اِسی کتاب یعنی
“”تبیین العجب مما ورد فی فضل رجب “” میں بڑی صراحت کے ساتھ لکھا ہے کہ

لم يرد في فضل شهر رجب، ولا في صيامه، ولا في صيام شيء منه۔۔۔۔۔۔۔انتہی
ترجمہ_
رجب کی فضیلت میں ، اور نہ ہی اِس کے روزوں کی فضیلت میں ، اور نہ ہی اِس کے کسی دِن میں خاص طور پر کوئی روزہ رکھنے کی فضیلت میں ، اور نہ ہی اِس کی کسی خاص رات میں قیام کرنے کے بارے میں کوئی صحیح حدیث ملتی ہے جو قابل حُجت ہو،
مجھ سے پہلے إِمام حافظ ابو إِسماعیل الھروی نے اِس معاملے کو یقینی قرار دیا ہے ، جیسا کہ ہم اُن کے بارے میں یہ بات صحیح اسناد کے ساتھ روایت کر چکے ہیں ، اور اِسی طرح اُن کے عِلاوہ دیگر(عُلماء اور أئمہ)کے بارے میں بھی ،
لیکن ، یہ بات مشہور ہو گئی ہے کہ عُلماء (میں سے کچھ)فضائل کے باب میں ضعیف (کمزور، غیر ثابت شُدہ، ناقابل اعتماد)احادیث ذِکر کرنے کی اجازت دیتے ہیں ،بشرطیکہ وہ جھوٹی ، مَن گھڑت ، خود ساختہ نہ ہوں،
اِس اجازت کے ساتھ ، یہ شرط بھی لگائی جانی چاہیے کہ ایسی کسی حدیث لانے والا یہ جانتا ہو کہ یہ حدیث ضعیف ہے ، اور وہ اُس حدیث (کی کمزوری بتائے بغیر اِس )کو نشر نہ کرے ، تا کہ کوئی اِس کمزور حدیث پر عمل نہ کرے ،اور کسی ایسے معاملے کو شرع نہ بنا لے جو شرع نہیں ہے ، یا جاھلوں میں سے کوئی اُسے صحیح سُنّت ہی نہ سمجھ لے،

پس اِنسان کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے اِس فرمان کے حد میں داخل ہونے سے بچنا ہی چاہیے کہ

📚﴿مَنْ حَدَّثَ عَنِّى بِحَدِيثٍ يُرَى أَنَّهُ كَذِبٌ فَهُوَ أَحَدُ الْكَاذِبِينَ:::
جِس نے میرے بارے میں کوئی ایسی بات روایت کی جو (عُلماء کے ہاں)جھوٹی (غیر ثابت شُدہ)ہو تو وہ (یعنی ایسی بات روایت کرنے والا)بھی جھوٹے لوگوں میں سے ایک جھوٹا ہے﴾
[صحیح مُسلم/مقدمے میں پہلی حدیث]

*جب صرف روایت کرنے کا معاملہ اتنا سنگین ہے تو)اُس کا کیا معاملہ ہو گا جو ایسی روایت پر عمل کرے ؟ اور (حق بات یہ ہی ہے کہ)احکام میں ، یا فضائل میں حدیث پرعمل ایک ہی جیسا ہے کوئی فرق نہیں ، کیونکہ سب ہی شریعت میں ہیں*

إِمام صاحب رحمہُ اللہ کے اِن مذکورہ بالا فرامین میں اُن لوگوں کے لیے بہت اچھا جواب ہے جو فضائل کے نام پر ضعیف یعنی کمزور، غیر ثابت شُدہ، ناقابل اعتبار ، ناقابل حُجت روایات بیان کرنا درست کہتے ہیں اور ایسا کرتے بھی ہیں اور ایسے جھوٹے ، من گھڑت اور غیر ثابت شدہ فضائل سے سفحات بھر کر کتابیں لکھتے ہیں اور وہ کتابیں بغل میں دبا کر اور دوسروں کو تھما کر اپنے تئیں اِسلام کا پرچار کرتے ہیں،
(و لا حول ولا قوۃ اِلا باللہ)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

*ہم نے یہاں اُن روایات کا ذِکر کیا ہے جو عام طور پر لوگوں کے درمیان گردش کروائی جاتی ہیں ، بالخصوص برقی ذرائع نشر و اشاعت میں ، ورنہ تورجب کے مہینے کے بارے میں جھوٹی اور کمزور روایات اور بھی ہیں*

*اور اِن سب غلط غیر ثابت شدہ ، ناقابل اعتماد، نا قابل حُجت روایات کی بُنیاد پر ، اور ،کچھ قبل از اِسلام رجب کے مہینے کی بلا دلیل عِزت و توقیر کے باطل عقیدے کو زندہ رکھنے کے لیے جو سومات (رسمیں)اور بدعات (بدعتیں)اُمت میں داخل کی گئیں اُن میں سے کُچھ یہ مندرجہ ذیل ہیں*

*بدعت نمبر_1*
(قربانی کرنا)

اِسلام سے پہلے عرب رجب کو بڑی عِزت، برکت و رحمت والا مانتے تھے اور اِس مہینے میں قُربانی بھی کیا کرتے تھے جِسے عِتیرۃ کہتے تھے ،

📚 رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے اُن کے اِس عقیدے اور عمل کو باطل قرار دیتے ہوئے فرمایا
﴿لا فرع ولا عَتیرۃ:::
نہ کوئی فرع ہے اور نہ ہی عَتیرہ ﴾
(صحیح البخاری /کتاب العقیقہ/باب 3 )

مُشرکین عرب ہر سال میں جب اُن کے جانور پہلی دفعہ بچے دیتے تو اُس پہلی کھیپ میں سے ایک جانور وہ اپنے جھوٹے معبودوں کے نام پر ذبح کرتے تھے اور اُس کو فرع کہا کرتے تھے۔

*بدعت نمبر_2*
(صلاۃ الرغائب ، نمازءِ رغائب)

رجب کی پہلی جمعرات کی رات ، یا جمعہ کی رات، یا درمیانی رات ، یا آخری رات میں خاص مقرر شدہ طریقے سے رغائب نامی نماز پڑھنا ، ایسا کام ہے جِس کی سُنّت میں کوئی دلیل نہیں۔

*بدعت نمبر_3*
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کا سفرِ معراج :::::::

پندرہ یا ستائیس رجب کی رات کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی معراج والی رات سمجھنا اور اِس رات کو کِسی بھی عِبادت یا جشن یا کام کے لیے خاص کرنا ،

*بدعت نمبر_4*
رجب کے مہینے میں خاص طور پر روزہ رکھنا :::::::

یہ بھی ایک ایسا کام ہے جِس کی سُنّت میں کوئی دلیل نہیں ملتی ،

📚 اِمام محمد بن اسحاق الفاکھی نے اپنی کتاب “”” اخبار مکہ””” میں نقل کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کے دوسرے بلا فصل خلیفہ امیر المؤمنین عُمر رضی اللہ عنہُ ایسے لوگوں کے ہاتھ پر مارا کرتے تھے جو رجب کا روزہ رکھتے تھے ۔
درجہء صحت :::
(اِمام الالبانی رحمہُ اللہ نے کہا کہ یہ روایت اِمام بُخاری اور اِمام مُسلم کی شرائط کے مُطابق صحیح ہے )

*بدعت نمبر_5*
زکوۃ ادا کرنے کے لیے رجب کے مہینے کو خاص کرنا :::::::

یہ بھی ایسا کام ہے جِس کی سُنّت میں کوئی دلیل نہیں ملتی ،

*بدعت نمبر_6*
عمرہ کرنے کے لیے اِس مہینے کو اِختیار کرنا بھی بلا دلیل ہے ،

*بدعت نمبر_7*
رجب کے کونڈے ، یا ، جعفر(صادق)رحمہُ اللہ کے کونڈے :::::::​

اب ہم آتے ہیں ایسے کام کی طرف جو رجب کے مہینے میں خاص طور پر پاکستان ، ہند ، ایران ، بنگلہ دیش وغیرہ میں عِبادت اور ثواب والا کام سمجھ کر کِیا جاتا ہے ، اور اُس کی بُنیاد بھی سراسر جھوٹ ہے ،
ایک جھوٹے اِفسانے””لکڑ ہارے کی کہانی “”کو بنیاد بنا کر جعفر(صادق )رحمہُ اللہ سے مشکل کشائی کروانے کے لیے22 رجب کو میٹھی چیز بنا کر کھائی ، کھلائی ، اور بانٹی جاتی ہے اور یہ کہا جاتا ہے کہ یہ جعفر صادق رحمہُ اللہ کی پیدائش کا دِن ہے لہذا اُن کی پیدائش کی خوشی میں یہ جشن کیا جاتا ہے ،اور اِسے””” رجب کے کونڈے، یا ، اِِمام جعفر کے کونڈے “””وغیرہ کا نام دِیا جاتا ہے ۔
::::::: کِسی کی پیدائش کی خوشی منانا یا کِسی کے موت کے دِن پر غمی کرنا ایسے کام ہیں جِن کا نہ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی تعلیمات میں ، نہ صحابہ رضی اللہ عنہم أجمعین کی زندگیوں میں اور نہ ہی تابعین ، تبع تابعین أئمہ کرام فقہا ، محدثین کی زندگیوں یا کتابوں میں کوئی ذِکر ملتا ہے ، یہ کام یقیناً دین میں سے نہیں ہیں ، کافروں کی نقالی ہے ،

📚اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کا اِشادِ گرامی ہے کہ
﴿مَن تَشبَھَہ بِقَومٍ فَھُوَ مِنھُم:
جِس نے جِس قوم کی نقالی کی وہ اُسی قوم میں سے ہے ﴾
( سنن أبو داؤد /حدیث/4033کتاب اللباس/باب55)
إِمام الالبانی رحمہُ اللہ نے حَسنٌ صحیح قرار دِیا ،

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کا یہ فیصلہ عام ہے اور اِس میں سے کِسی چیز کو نکالنے کی کوئی گنجائش نہیں ، لہذا لباس ، طرز رہائش ، عادات و أطوار ، رسم و رواج ، کِسی بھی معاملے میں کافروں کی نقالی کرنا جائز نہیں ، اور کِسی کا یومِ پیدائش منانا مسلمانوں کی رسم نہیں ، اور اگر وہ تاریخ پیدائش جِس پر کِسی کی پیدائش کا جشن منایا جا ئے جھوٹی ہو تو پھر “یک نہ شُد ، دو شُد “،
جی تو ، بات ہو رہی تھی جھوٹ پر مبنی جشنِ ولادت یا سالگرہ کی ، جِسے””” رجب کے کونڈے”””یا””” اِمام جعفر کے کونڈے””” کہا جاتا ہے ،کہ ، یہ کونڈے کرنے ، کروانے والوں میں سے شاید ایک فیصد بھی یہ نہیں جانتے کہ ، جِس سبب کو بُنیاد بنا کر وہ یا اپنے اِیمان کا کونڈا کر رہے ہیں وہ سب ایک تاریخی جھوٹ ہے ،
جی ہاں ثواب کی نیّت سے کیے جانے والے اِس کام یعنی عِبادت کا سبب جناب جعفر صادق رحمۃُ اللہ علیہ کی پیدائش کو بنایا جاتا ہے ، جبکہ یہ تاریخی جھوٹ ہے ،

📚اِمام ابنِ کثیر علیہ رحمۃ اللہ نے””” البدایہ والنہایہ”””
میں بیان کیا ہے کہ جناب جعفر صادق رحمۃُ اللہ علیہ کی تاریخ پیدائش 8 رمضان 80 ہجری اور تاریخ وفات شوّال148ہجری ہے، تو پھر یہ 22 رجب کیا ہے؟؟؟ کہاں سے ہے ؟؟؟

آئیے ، اِس کا جواب بھی تاریخ میں ڈھونڈتے ہیں :::

::::::: راہِ ہدایت سے بھٹکے ہوئے ایک گروہ نے اِس رسم کو ہند و پاک کے مُسلمانوں میں داخل کیا اور اِس کا سبب اُن کا صحابہ رضوان اللہ علیہم سے بُغض اور نفرت کے عِلاوہ اور کُچھ نہیں ، لیجیے ، ذرا دیکھیے تو ،کہ، کب، اور کہاں یہ خرافات ہمارے معاشرے میں داخل کی گئی ،

📚 پیر جماعت علی شاہ کے ایک مرید مصطفیٰ علی خاں نے اپنے کتابچے “”” جواہر المناقب “””میں احمد حسین قادری کا بیان درج کیا “”” 22 رجب کی پوریوں والی کہانی اور نیاز سب سے پہلے 1906سن عیسوئی میں رامپور میں أمیر مینائی لکھنوئی کے خاندان میں نکلی ، میں اُس زمانے میں أمیر مینائی صاحب کے مکان کے متصل رہتا تھا،،،”””

📚مولوی مظہر علی سندیلوی اپنے 1911 کے ایک روزنامچے میں لکھتے ہیں””” آج مجھے ایک نئی رسم دریافت ہوئی ، جو میرے اور میرے گھر والوں میں رائج ہوئی اور اِس سے پہلے میری جماعت میں نہیں آئی تھی ، وہ یہ کہ21 رجب کو بوقتِ شام میدہ شکر اور گھی دودھ ملا کر ٹکیاں پکائی جاتی ہیں اور اُن پر اِمام جعفر صادق کا فاتحہ ہوتا ہے 22 کی صبح کو عزیز و أقارب کو بلا کر کھلائی جاتی ہیں اور یہ ٹکیاں باہر نہیں نکلنے پاتیں جہاں تک مُجھے عِلم ہوا ہے اِسکا رواج ہر مقام پر ہوتا ہے ، میری یاد میں کبھی اِسکا تذکرہ بھی سماعت میں نہیں آیا ، یہ فاتحہ اب ہر ایک گھر میں بڑی عقیدت مندی سے ہوا کرتا ہے اور یہ رسم برابربڑہتی جا رہی ہے”””

📚 عبدالشکور لکھنوئی رحمہُ اللہ نے رسالہ””” النجم “””کی أشاعت جمادی الاؤل سن 1348 ہجری میں لکھا،

” ایک بدعت ابھی تھوڑے دِنوں سے ہمارے اطراف میں شروع ہوئی ہے اور تین چار سال سے اِسکا رواج یوماً فیوماً بڑہتا جا رہا ہے ، یہ بدعت کونڈوں کے نام سے مشہور ہے ،،

📚اُسی دور کے شعیہ عالم محمد باقر شمسی کا کہنا ہے””” لکھنؤ کے شیعوں میں 22 رجب کونڈوں کا رواج بیس پچیس سال پہلے شروع ہوا تھا “””
بحوالہ رسالہ النجم لکھنؤ ۔

کہنے اور بتانے کو اور بھی بہت کچھ ہے مگر صاحب اِیمان کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ یہ رسم بدعت ہے اور مُنافقین ، دُشمنانِ صحابہ رضی اللہ عنہم کی طرف سے مُسلمانوں میں داخل کی گئی ہے ، اور اگرسالگرہ کے طور پر میں منائی جائے تو کافروں کی نقالی ہے اور حرام کام ہے ،

::::::: کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر آپ بھی یہ کام کرنے والوں میں سے ہیں تو یہ کونڈے بھر کر اپنے اِیمان اور عمل کا کونڈا کرتے ہیں ؟؟؟

*کیا آپ جانتے ہیں کہ اِس دِن آپ کو جناب جعفر صادق رحمہُ اللہ کی پیدائش کا دھوکہ دے کر منافق رافضی آپ کو مومنین کے ماموں جان معاویہ بن أبی سفیان رضی اللہ عنہما کی موت کے جشن میں شامل کرتے ہیں، کیونکہ 22 رجب سن60 ہجری اِیمان والوں کے ماموں جان معاویہ بن أبی سفیان رضی اللہ عنہُما کی موت کا دِن ہے ، جناب جعفر صادق رحمہُ اللہ کی پیدائش کا نہیں*

کیا آپ جانتے ہیں معاویہ بن أبی سفیان رضی اللہ عنہما کون تھے ؟؟؟

اور اِن مُنافقین کو اُن پر کیوں غُصہ ہے ؟؟؟

أمیر المؤمنین معاویہ بن أبی سفیان رضی اللہ عنہما ہدایت پائے ہوئے ، ہدایت پھیلانے والے ، جِن کے ہاتھ اور قلم کو اللہ نے اپنی وحی لکھنے کا شرف بخشا ، اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے جلیل القدر صحابی ، جِن کا دورِ خلافت اسلام کے کھلے اور چُھپے ہوئے دشمنوں کے لیے بڑا ہی بھاری تھا ، اور جنہوں نے اِن مُنافق رافضیوں کا اور اِن کی شر انگیزیوں کا ناطقہ بند کیے رکھا ،
رضی اللہ عنہ ُو أرضاہُ ۔

جی ہاں ، 22 رجب60ہجری ، اِس عظیم المرتبہ صحابی ، حقیقی اِیمان والوں کے ماموں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے ہدایت یافتہ ، اور ہدایت پھیلانے والے خلیفہ معاویہ بن أبی سفیان رضی اللہ عنہما کی وفات کا دِن ہے ،
اور مُنافقین کے لیے خوشی اور جشن کا دِن ہے ،

*اے میرے مُسلمان بھائیو اور بہنوں ، کہیں سے ڈھونڈ نکالیے ، اپنی اِسلامی حمیت اور رسول اللہ محمدصلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم اُن کے اہلِ بیت یعنی اُمہات المؤمنین اور صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کی محبت جو مُنافق رافضیوں نے آپ کو دھوکہ دہی کا شکار بنا کر چھین لی ہے،اللہ تعالیٰ ہم سب کو حق کو پہچاننے اور اُسے قبول کر کے اُس پر عمل کی توفیق عطاء فرمائے*

آمین یا رب العالمین

((واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب ))

🌷اپنے موبائل پر خالص قران و حدیث کی روشنی میں مسائل حاصل کرنے کے لیے “ADD” لکھ کر نیچے دیئے گئے نمبر پر سینڈ کر دیں،
🌷آپ اپنے سوالات نیچے دیئے گئے نمبر پر واٹس ایپ کر سکتے ہیں جنکا جواب آپ کو صرف قرآن و حدیث کی روشنی میں دیا جائیگا,
ان شاءاللہ۔۔!!
🌷سلسلہ کے باقی سوال جواب پڑھنے کے لئے ہماری آفیشل ویب سائٹ وزٹ کریں یا ہمارا فیسبک پیج دیکھیں::

یا سلسلہ نمبر بتا کر ہم سے طلب کریں۔۔!!

*الفرقان اسلامک میسج سروس*
+923036501765

آفیشل ویب سائٹ
https://alfurqan.info/

آفیشل فیسبک پیج//
https://www.facebook.com/Alfurqan.sms.service2

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں